ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کل شام پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان گیانا میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل اور فائنل میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھے گئے ہیں تاہم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔
ورلڈ کپ سے قبل اس بات کو طے کیا گیا تھا کہ انڈین ٹیم اگر سیمی فائنل میں پہنچی تو اس صورت میں اُس کا میچ گیانا میں ہو گا۔
اگر انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو اس صورت میں سپر ایٹ مرحلے میں پہلی پوزیشن پر ہونے کے باعث انڈین ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
دوسری طرف آئی سی سی کی جانب سے دوسرے سیمی فائنل کے لیے ریزرو ڈے نہ رکھے جانے کے بارے میں کوئی آفیشل وضاحت جاری نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے سیمی فائنل کے لیے 60 منٹس کا اضافی وقت بھی رکھا گیا ہے۔
اگر پہلے سیمی فائنل کے روز بارش ہو جاتی ہے تو میچ اُسی روز مکمل کروانے کی کوشش کی جائے گی، تاہم میچ نہ ہونے کی صورت میں مقابلہ ریزرو ڈے یعنی اگلے روز ہو گا۔
ریزرو ڈے پر بھی بارش کے باعث میچ متاثر ہونے سے بچنے کے لیے 190 اضافی منٹ رکھے گئے ہیں۔
اگر جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان سیمی فائنل بارش کے باعث منسوخ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں جنوبی افریقہ کی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں پہلے نمبر پر آنے کے باعث فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔