Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی چار قومی ایئر لائنز کی شیڈول نشستیں 6.15 ملین سے تجاوز

’سکائی ٹریکس ایوارڈ 2024 میں ایمریٹس نے 7 ایوارڈ اپنے نام کیے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کے اعداد وشمار فراہم کرنے والے بین الاقوامی ادارے ’او اے جی‘ کے مطابق اس سال جون 2024 میں  امارات کی چار قومی ایئر لائنز کی شیڈول نشستوں کی تعداد بڑھ کر 6.15 ملین سے تجاوز کرگئی جو گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد وشمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایمریٹس، اتحاد ایئرویز، ایئر عربیہ اور فلائی دبئی نے اپنی پروازوں کی نشستوں میں اضافہ کیا ہے جو خطے میں کل طے شدہ نشستوں کی گنجائش کا تقریبا 19.15 فیصد ہیں۔
2024 کے دوران خطے کی فضائی کمپنیوں نے مجموعی طور پر تقریبا 21.1 ملین شیڈول نشستیں ریکارڈ کیں۔
الامارات الیوم کے مطابق ایمریٹس نے جون کے دوران تقریبا 3.16 ملین نشستیں، فلائی دبئی نے 1.2 ملین، اتحاد ایئر ویز نے ایک ملین، ایئر عربیہ نے 793.6 ہزار نشستیں آپریٹ کیں۔
علاوہ ازیں سکائی ٹریکس ورلڈ ایئرلائنز 2024‘ ایوارڈ تقریب میں ایمریٹس نے 7 ایوارڈز حاصل کیے جو صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی پر اس کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ ایمریٹس کو جو ایوارڈ دیے گئے ان میں بہترین پرواز و تفریح، بہترین فرسٹ کلاس سہولیات، مشرق وسطی میں بہترین فرسٹ کلاس، مشرق وسطی میں بہترین فرسٹ کلاس فوڈ سروس، مشرق وسطی میں بہترین فیملی فرینڈلی ایئرلائنز، مشرق وسطی میں بہترین پریمیئم اکانومی کلاس اور مشرق وسطی کی بہترین پریمیئم اکانومی کلاس میں فوڈ سروس شامل ہیں۔
ایمریٹس کا کہنا ہے اس نے 100 سے زائد ممالک میں ہزاروں کاروباری اور تفریحی و سیاحت کے مسافروں کی ووٹنگ کی بنیاد پر یہ ایوارڈز جیتے۔
ایمریٹس کی پریمیئم اکانومی کلاس اس وقت دبئی سے 15 مقامات کے لیے دستیاب ہے جن میں لندن کا ہیتھرو، سڈنی، میلبورن، کرائسٹ چرچ، آکلینڈ، سنگاپور، لاس اینجلس، نیویارک، ہوسٹن، سان فرانسسکو، ممبئی، بنگلورو، ٹوکیو  کا نارہیٹا، ساؤپالو اور اوسکا شامل ہیں۔

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: