Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں 4 ماہ کے دوران 6.68 ملین سیاح، یورپی سرفہرست

امریکہ سے 4 لاکھ 40 ہزار سیاح دبئی آئے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی میں اکانومی اور ٹورازم  ڈیپارٹمنٹ نے سیاحت کے شعبے کی کارکردگی اور بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق سال 2024 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 6.68 ملین سیاح دبئی آئے۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 6.02 ملین سیاح یہاں پہنچے تھے۔ 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
 اعدادوشمار کے مطابق دبئی آنے والے مغربی یورپ کے سیاح سرفہرست رہے جو  کل تعداد کا 22 فیصد تھے۔ جنوری سے اپریل کے درمیان تعداد 1.45 ملین رہی۔ جنوبی ایشیا کے سیاح کل تعداد کا 17 فیصد رہے۔ ان کی تعداد 1.1 ملین رہی۔
روس اور اس سے آزاد ہونے والی ریاستوں اور مشرقی یورپ کے ممالک سے آنے والے سیاح تیسرے نمبر پر رہے ان کی تعداد 10 لاکھ تھی۔ خلیجی تعاون کونسل کے شہری چوتھے نمبر پر رہے یہ کل سیاحوں کا 13 فیصد تھے۔ ان کی تعداد ساڑھے 8 لاکھ رہی۔ امریکہ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار رہی جو کل تعداد کا 7 فیصد رہے۔
2024 میں دبئی میں ہوٹلوں کے کمروں کی بکنگ کی شرح 81 فیصد تک رہی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران یہ شرح 80 فیصد تھی۔
 دبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے کا اوسط کرایہ 627 درھم تک پہنچ  گیا جو گزشتہ سال 599 درھم تھا۔ اپریل کے آخر تک دبئی میں ہوٹل کے کمروں کی تعداد 151.84 ہزار تھی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد 148.9 ہزار تھی۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: