طیبہ ایئرپورٹ کمپنی میں آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینیئر علا محمد نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر 64 ایئر لائن 7 ہزار ملازمین کے ساتھ عازمین حج کی واپسی کے لیے کام کرہی ہیں۔
الاخباریہ کے مطابق انہوں نے بتایا’ طیبہ ایئرپورٹ کمپنی نے شراکت داروں کے ساتھ آپریشنل اور کاروباری تسلسل کے لیے منصوبے تیار کیے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا’ مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 6 لاکھ 20 ہزار حجاج کو خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ دو ہزار 900 پروازوں کے ذریعے ان کی واپسی ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’ٹریول ود آوٹ بیگ‘ اس سال کے سول ایوی ایشن کے سب سے اہم اقدامات میں سے ایک ہے۔ اس کے تحت حجاج کا سامان ان کی رہائش سے وصول کیا جاتا ہے اور روانگی کے وقت سے چوبیس گھنٹے پہلے ایئرپورٹ بھیجا جاتا ہے‘۔