سپین سے یوراگوئے جانے والے ایک طیارے کا دوران پرواز توازن بگڑنے کے باعث 24 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پیر کے روز ایئر یوروپا کے طیارے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر نے سپین سے یوراگوئے کے لیے اڑان بھری لیکن دوران پرواز طیارے کو ایئر ٹربیولنس کا سامنا کرنا پڑا۔
پرواز کو اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی برازیل کے ساحلی شہر نٹال میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
مزید پڑھیں
برازیل کے صحت عامہ کے حکام کے مطابق ایئر ٹربیولنس کے دوران کچھ مسافر طیارے کی چھت سے ٹکرائے جس سے ان کے سر، گردن اور سینے پر چوٹیں آئیں۔
مقامی طبی ٹیم نے برازیلین میڈیا کو بتایا کہ چھت سے ٹکرانے والے مسافروں کو فریکچر اور چہرے پر زخم آئے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق 36 مسافروں کو زخمی حالت میں طبی امداد فراہم کی گئی اور 23 مسافروں کو ہسپتال لے جایا گیا۔
ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جن مسافروں کا علاج کیا گیا ان میں سے کچھ صدمے سے دوچار تھے لیکن انہیں کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی۔ پیر کی شام تک پانچ مسافر ہسپتال میں داخل تھے جن میں سے چار انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
طیارے میں سوار دو خواتین مسافروں نے نیوز چینل ٹیلی منڈو کو بتایا کہ ٹربیولنس کے دوران ایک مسافر اپنی سیٹ سے اچھل کر طیارے کی چھت میں موجود کیبن میں جا پہنچا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جہاز کے اوور ہیڈ باکس کے قریب پڑا ہوا ہے اور اسے دو مسافروں کی مدد سے نیچے اتارا جا رہا ہے۔ دیگر تصاویر اور ویڈیوز میں چھت کے ٹوٹے ہوئے پینل اور سیٹیں دکھائی دے رہی ہیں۔