Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قیمت میں اضافہ، رواں ماہ بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے: پاور ڈویژن کا اعلامیہ

 پاور ڈویژن کے مطابق نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں وزارت توانائی نے اعلان کیا ہے کہ جولائی2024 سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے۔
جمعرات کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’بجلی کے نئے ٹیرف سے زیادہ تر لوگوں کے ماہانہ بل پر تھوڑا سا اثر پڑے گا۔‘
اعلامیے کے مطابق بجلی کے بلز میں کم سے کم اضافے کے لیے حکومت 440 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
وزارت توانائی نے کہا ہے کہ ایک کروڑ 68 لاکھ یا 58 فیصد غریب گھریلو صارفین کے لیے اضافہ دو فیصد سے کم ہو گا۔
’نسبتا امیر 42 فیصد صارفین کے لیے اوسطاً نو فیصد اضافہ ہو گا۔‘
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق معیشت بہتر ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی توقع ہے۔
جنوری2025 تک تمام صارفین کے لیے بجلی کےنرخ جون2024 کے مقابلے میں اوسطاً 3 فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔‘
وزارت توانائی نے کہا ہے کہ بجلی شعبے کی مقررہ 75 فیصد لاگت کے پیش نظر فکسڈ چارجز کا اجرا ضروری تھا۔ ’ملکی صنعت کے فروغ کے لیے صنعتی شعبہ سے 150 ارب روپے کا بوجھ کم کر دیا گیا۔‘
 پاور ڈویژن کے مطابق نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صارفین سوشل میڈیا پر اپنے ماہانہ بِل شیئر کر کے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

شیئر: