Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں پاکستان حج میڈیکل مشن ہسپتال میں خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش

نومولود بچے محمد اور اس کے  والدین کو تحائف بھی دیے گئے۔(فوٹو: وزارت مذہبی امور)
مدینہ منورہ میں پاکستان حج میڈیکل مشن ہسپتال میں ایک پاکستانی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کےمطابق بلوچستان سے اس سال حج کےلیے آنے والے جوڑے نے مدینہ منورہ میں بچے کی پیدائش پر نومولود کا نام محمد رکھا ہے۔
 پاکستان حج میڈیکل مشن ماں اور بچے کی طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔ سعودی وزارتِ حج کے حکام نے بھی مشن کا دورہ کرکے خیریت دریافت کی۔
وزارت نے بیان میں کہا ’سعودی حکام نے نومولود کے والدین کو مبارکباد دی اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوئے‘۔
تقریب کے دوران نومولود بچے محمد اور اس کے  والدین کو تحائف بھی دیے گئے۔
سعودی عرب میں پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے اس موقع پر بچے کے والدین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا ’یہ والدین کے لیے  ناقابلِ فراموش اور خوبصورت یاد رہے گا جو ان کے لیے مدینہ کے مقدس شہر سے ایک گہرا تعلق ہو گا‘۔
’ایسے لمحات اتحاد، امید اور تجدید کا مظہر ہیں جو دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے اس مقدس سفر کا بیان کرتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ پاکستانی حجاج کو واپس لانے کے لیے بعد از حج فلائٹ آپریشن جاری ہے۔

شیئر: