میدان عرفات میں پاکستانی خاتون عازم حج کے ہاں بیٹے کی پیدائش
حج 2024 کے دوران میدان عرفات میں پہلی مرتبہ ایک پاکستانی خاتون عازم حج ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سعودی گزٹ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے ساتھ لکھا ہے کہ عرفات میں جبل الرحمہ ہسپتال میں 34 سالہ پاکستانی خاتون عازم حج کے بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔ بچے کا نام عرفات تجویز کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے میدان عرفات میں قائم جبل الرحمہ ہستپال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ یہ ہسپتال حجاج کو 24 گھنٹے خدمات فراہم کرتا ہے۔
اس سے قبل 10 جون کو نائیجیریا کی خاتون عازم حج نے مکہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ایک صحت مند بچے کو جنم دیا تھا۔ یہ اس مرتبہ حج سیزن کے دوران پہلا بچہ تھا جس کی پیدائش ہوئی تھی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں پیدا ہونے والے بچے کا نام محمد رکھا گیا۔
بچے کی پیدائش قبل از وقت ہوئی تھی جس کو خصوصی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔
حج سیزن کے دوران طبی عملے کی جانب سے ماں اور بچے کی صحت کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔
ہر سال حج سیزن کے دوران کئی بچوں کی پیدائش ہوتی ہے۔
2018 میں جبل الرحمہ ہسپتال میں یوم عرفہ پر اردن کی ایک خاتون کے ہاں بچہ پیدا ہوا تھا۔