شاہ سلمان مرکز کے سربراہ اور فلسطینی وزیر صحت کی ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ملاقات میں بے گھر افراد تک امداد پہنچانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ادارے شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ العربیعہ نے فلسطینی وزیر صحت ڈاکٹر ماجد عونی ابو رمضان سے ملاقات میں غزہ کی انسانی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ نے اردن کے دورے کے دورران فلسطینی وزیر صحت سے ملاقات کی جس میں انسانی ہمدردی کے متعدد منصبوں کے لیے معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
فلسطینی وزیر صحت نے اسرائیلی حملے کے باعث جاری انسانی بحران کے دوران غزہ میں شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فلسطینی عوام کی مدد کےلیے سعودی عرب کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا۔
اہوں نے فلسطینی صحت کے شعبے کی سپورٹ پر بھی مملکت کا شکریہ ادا کیا جس نے غزہ میں متاثرہ افراد کی مدد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات میں بے گھر افراد تک امداد پہنچانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اردن میں سعودی سفیر اور فلسطین میں نان ریزیڈنٹ سفیر نایف بن بندر السدیری بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعرات کو میڈرڈ میں یورپی کونسل برائے خارجہ امور کے اجلاس کے دوران غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے سینیئر انسانی اور تعمیر نو کے کو آرڈینیٹر سگرڈ کاگ نے ملاقات کی۔
انہوں نے غزہ کی پٹی میں مناسب اور پائیدار انسانی امداد کی فراہمی کی اہمیت اور بحران کے خاتمے کےلیے جنگ بندی تک پہنچنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔