خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ایرانی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پرڈاکٹرمسعود پزشکیان کو مبار باد کا پیغام ارسال کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق شاہ سلمان کی جانب سے ارسال کیے گئے مبارکباد کے پیغام میں کہا گیا ، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات میں آپ کی کامیابی باعث مسرت ہے اس موقع پر ہماری جانب سے نیک تمنائیں اورمبارک باد قبول کریں ۔
پیغام میں مزید کہا گیا دونوں برادر ممالک اور انکے عوام کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی وبین الاقوامی سلامتی میں مزید اضافے کے لیے باہمی مشاورت کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔
ہم آپ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں۔
واضح رہے جمعہ کو ایرانی صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایک کروڑ 60 لاکھ ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔