Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کے 200 یونٹ والے ’پروٹیکٹڈ صارفین‘ کو تین ماہ کے لیے رعایت

وزیراعظم نے کہا ’اس بجٹ میں اشرافیہ اور امرا پر نئے شعبوں میں ٹیکس پہلی دفعہ لگا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 200 یونٹ والے صارفین کو اگلے تین ماہ کے لیے رعایت دے رہے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ ایک تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’ہم نے بڑی محنت سے بجٹ تیار کیا اور اسے منظور کرایا۔ اگر ہم نے ریاست کو نہ بچایا ہوتا تو کہاں کا بجٹ اور کہاں کی سیاست۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کہا گیا کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر بجٹ بنا رہے ہیں۔ اس میں کوئی راز کی بات نہیں کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ پروگرام کرنے جا رہے ہیں۔‘
’اس بجٹ میں اشرافیہ اور امرا پر نئے شعبوں میں ٹیکس پہلی دفعہ لگا ہے۔ ہم نے پہلی بار رئیل اسٹیٹ بزنس پر ٹیکس لگایا۔ یہ لوگ زمین خرید کر اس پر سٹہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے زمین کی پڑے پڑے قیمت بڑھ جاتی ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’بات صاف کرنی چاہیے، ہم قوم سے غلط بات نہیں کرتے۔ گھریلو صارفین جو 200 سے کم یونٹس والے ہیں۔ انہیں تین ماہ جولائی، اگست اور ستمبر کے لیے رعایت دے رہے ہیں۔ آگے اکتوبر میں تو موسم بہتر ہو جاتا ہے او ربجلی کا استعمال کم ہو جاتا ہے۔ ان تین ماہ میں عام صارف پر 50 ارب روپے کی رقم خرچ ہو گی۔ یہ 50 ارب روپے ہم نے اپنے ڈویلپمنٹ فنڈ سے نکالے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے عام آدمی کا خیال رکھا اور آئی ایم ایف کو بھی آن بورڈ رکھا۔ آج ہم نے 50 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس سے 94 فیصد گھریلو صارفین کو چار سے سات روپے فی یونٹ کا فائدہ ہو گا۔‘

شیئر: