Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: فارمولا۔ون ٹریک پر نوبیاہتا جوڑے کا منفرد انداز

شادی کے مقامات کے لیے فارمولا ون ٹریک ایک نیا معیار مقرر کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی نوبیاہتا جوڑے عبدالعزیز خاشقجی اور امیرہ البسام نے جدہ کے فارمولا ون سرکٹ پر پہلے جوڑے کے طور پر اپنی شادی شدہ زندگی کا آغاز کیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی جوڑے نے کارنیش کے فارمولا ون سرکٹ میں اپنے مہمانوں کے سامنے 2024 ماڈل کی سرخ فراری روما سپائیڈر پر انٹری کی۔
32 سالہ دولہے نے بتایا ہے کہ ہمارے طرز زندگی کی بارے میں بات کی جائے تو ہم دونوں کے خیالات غیرروایتی ہیں۔
26 سالہ دلہن نے بتایا کہ شوٹنگ اور مقام دونوں ہی معروف اور خاص تھے۔ ہم دونوں بہت خوش ہیں کہ ہم نے ازدواجی بندھن کا آغاز خاص اور منفرد انداز سے کیا۔
جدہ کارنیش پر بنایا گیا فارمولا ون کا 6.175 کلومیٹر طویل اور تیز ترین ٹریک ہے جس پر نوبیاتا جوڑے نے گاڑی چلائی۔
دولہے عبدالعزیز خاشقجی نے بتایا کہ جب میں نے اس خاص مقام کی تجویز پیش کی اور امیرہ نے تائید کی کہ یہاں شادی کا عشائیہ  بہتر رہے گا اور ہم نے عشائیے میں پہنچنے کے لیے فراری کا انتخاب کیا۔
جدہ میں منعقد ہونے والی اس خاص شادی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز کئی روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور بہت سے تبصرہ نگاروں نے غیرمعمولی شادی پر دلچسپی اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ہمیں اپنی خوشی کا لمحہ سب کے ساتھ بانٹنا بہت شاندار محسوس ہوا۔ فوٹو عرب نیوز

البسام نے  بتایا کہ میرے شوہر کو فراری اور موٹرسپورٹ کا جنون کی حد تک شوق ہے جس کو دیکھتے ہوئے انہیں F1 ویڈنگ فوٹو شوٹ کا خیال آیا۔
دلہن نے بتایا کہ فارمولا ون ریس میرے شوہر کی زندگی کا سب سے اہم شوق ہے اور ان کی پسندیدہ گاڑی فراری ہے لہذا ہمیں ایف۔1 ٹریک پر فراری میں شوٹ کرنا اچھا لگا۔
عبدالعزیز خاشقجی نے بتایا کہ جدہ ایف ون سرکٹ پر شادی کا استقبالیہ منعقد کرنے کا  ہمارا یہ فیصلہ باہمی تھا۔
عبدالعزیز خاشقجی سعودی موٹر سپورٹ سے منسلک ہیں جدہ فارمولا ون سرکٹ کا انتظام سنبھالتے ہیں اور اس ٹریک پر سال بھر ہونے والی مختلف تقریبات کی میزبانی کرتے ہیں۔
سعودی دولہے نے بتایا کہ 2021 میں یہاں منعقد ہونے والی پہلی فارمولا۔ ون ریس میں مہمان نوازی کرنے والی ٹیم کا حصہ رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں اپنی شادی بھی اسی مقام پر کرنا چاہتا تھا اور جب میں امیرہ سے ملا اور اس کا اظہار کیا، ہم دونوں اس پر متفق تھے کہ یہ بہترین جگہ ہے۔

جدہ ایف ون سرکٹ پر شادی کے استقبالیے کا فیصلہ باہمی تھا۔ فوٹو انسٹاگرام

البسام نے کہا کہ جب ہم دونوں نے گھر والوں اور مہمانوں کو اپنے ذہن میں موجود ریسنگ ٹریک کے مقام کے بارے میں بتایا تو ابتدائی طور پر کچھ شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ آئیڈیا مہمانوں کو بہت پسند آیا اور ہر ایک نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ہمیں اپنی خوشی کا لمحہ سب کے ساتھ بانٹنا بہت شاندار محسوس ہوا۔
دلہن کی قریبی دوست ریما ال یحییٰ نے اس منفرد تقریب کے بارے میں بتایا  ’میں نے اس طرح کی شادی کی تقریب پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ یہ واقعی غیر متوقع لمحات تھے اور سب نے ان یادگار تجربے کو بے حد پسند کیا۔
دولہا کے بھائی زید خاشقجی نے بتایا کہ یہ تقریب میرے بھائی کے لیے ایک خواب کی تعبیر تھی، وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ جب میں شادی کروں گا تو یہ ایف ون ٹریک پر ہوگی۔
زید خاشقجی نے کہا کہ شادی کے مقامات کے لیے یہ ایک نیا معیار مقرر کیا گیا ہے اور شاید کسی دوسرے کے لیے اس کی  پیروی کرنا مشکل ہو گا۔
 

شیئر: