Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کے پہاڑوں میں بیش قیمت زرعی ورثہ: شدوی کافی

کاشت کا طریقہ صدیوں پرانی عرب کافی کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے پُرفضا مقام الباحہ کے علاقے تہامہ میں واقع ’شدا الاسفل اور شدا الاعلٰی‘ پہاڑوں میں بیش قیمت زرعی ورثہ پایا جاتا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان پہاڑوں پر موجود درختوں پر اگنے والی کافی فصل اپنے غیر معمولی ذائقے کے اعتبار سے ’ شدوی کافی‘ کے نام سے مشہور ہے۔
حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کافی کی نشوونما کے دوران محتاط دیکھ بھال کا طریقہ اپنایا جاتا ہے۔
شدوی کافی کو کاشت کے لیے سب سے مشکل فصلوں میں سے ایک کے طور پر شہرت حاصل ہے۔
شدوی کافی کے کاشتکار عبداللہ الغامدی نے اپنے ایک انٹرویو میں اس خاص کافی کی کاشت کے پیچیدہ عمل کی تفصیل بتائی ہے۔
عبداللہ الغامدی نے کہا ’کافی کی پیداوار کا ہمارا سفر تین سال پر محیط ہے جو گرمیوں کے آخر میں شروع ہوتا ہے اور چوتھے سال میں موسم گرما کے شروع میں ہم فصل چنتے ہیں۔‘
الغامدی نے بتایا کہ فصل اتارنے کے بعد کا عمل بھی پیچیدہ ہے ، اکٹھی  کرنے  کے بعد ہم  کافی کے پھل کو چھانٹتے ہیں پھر انہیں چھتوں پر تین دن تک دھوپ میں خشک کرتے ہیں۔
اس کے بعد ہم کافی کے پھل کو دو دن کے لیے گھر کے اندر محفوظ کرتے ہیں اور مزید خشک کرنے کے لیے دوبارہ پانچ دنوں کے لیے چھتوں پر واپس  پھیلا دیتے ہیں۔

کافی کی نشوونما کے دوران محتاط دیکھ بھال کا طریقہ اپنایا جاتا ہے۔ فوٹو واس

کاشت سے فصل پکنے تک سارے عمل میں انتہائی محتاط طریقہ اپنایا جاتا ہے، خشک کرنے سے سرخ پھیلیوں کا رنگ سیاہی مائل ہو جاتا ہے، اس عمل سے بننے والے بخارات ہی اصل ذائقے کو محفوظ کرتے ہیں۔
کافی کی ان پھیلیوں کو پیسنے کے لیے پتھر کی چکی کے روایتی طریقے کا استعمال کیا جاتا ہے۔
الغامدی نے بتایا کہ کافی کو پیسنے اور محفوظ کرنے کے لیے چند کاشتکار خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ آلات کا بھی استعمال کرتے ہیں۔

کافی خشک کرنے سے سرخ پھیلیوں کا رنگ سیاہی مائل ہو جاتا ہے۔ فوٹو واس

آخری مرحلے میں بھوسی کو پھل سے الگ کیا جاتا ہے، اس بھوسی کو کسٹمرز ترجیحی بنیاد پر اپنی مرضی کے مطابق لے جاتے ہیں۔
شدا پہاڑوں پر بسے خاندانوں  کے لیے اس نایاب، ذائقہ دار کافی کی کاشت زراعت میں انتہائی خاص ہے، ان کا یہ طریقہ صدیوں پرانی عرب کافی کی کاشت کی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
 

شیئر: