Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور ایئرپورٹ پر ’السعودیہ‘ کے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ، مسافر اور عملہ محفوظ رہا

سعودی ایئرلائنز (السعودیہ) کی جمعرات کو ریاض سے پشاور جانے والی پرواز کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی جس کے بعد اسے پشاور ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
العربیہ نیٹ اور اخبار 24 کے مطابق سعودی ایئرلائنز کی پرواز ایس وی 792  جمعرات کو ریاض سے پشاور کے لیے روانہ ہوئی۔ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارے کے ایک ٹائر سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا جس کے بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی تھی۔
سعودی ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ اس وقت طیارے میں 276 مسافر اور فضائی عملے کے 21 ارکان بھی موجود تھے جنہیں بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔
پشاور ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے طیارے کے بائیں لینڈنگ وہیل سے چنگاریاں اور دھواں نکلتے دیکھا تو اس نے فوری طور پر پائلٹ کو آگاہ کیا اور فوری طور پر فائر ٹینڈرز کو طلب کیا۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اب ماہرین تکنیکی جانچ کے بعد طیارے کی مرمت اور اس کی پرواز کو یقینی بنانے کے بعد اسے دوبارہ پرواز کی اجازت دیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: