Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر قسم کا تشدد مسترد ‘، سعودی عرب کی ٹرمپ کی جان لینے کی کوشش کی مذمت

امریکہ، سابق صدر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جان لینے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکہ، سابق صدر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کے تشدد کو مسترد کرنے پر زور دیا گیا۔
بیان میں مرنے والوں کے اہل خانہ اور دوست امریکی عوام سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
 واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے سٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی۔
اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزری۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حکام نے کہا کہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ حملہ آور کو بھی مارا گیا۔ واقعے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے انتخابی ریلی میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کو قاتلانہ حملہ قرار دیا ہے۔
علاوہ ازیں جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے بھی سابق امریکی صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایک بیان میں سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’یہ کوشش انسانیت، اخلاقی اقدار اور اصولوں کے منافی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تشدد اور دہشت گردی کو کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جی سی سی ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو غیر مستحکم کرنے والے ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

شیئر: