Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیاست میں ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں‘، صدر اور وزیراعظم کی ٹرمپ پر حملے کی مذمت

گولی ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزری۔ (فوٹو: اے ایف پی)
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پنسلوینیا میں انتخابی ریلی کے دوران حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اتوار کو صدر زرداری نے حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاست میں ایسے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔‘
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور حملے میں جانی نقصان پر دلی تعزیت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں حادثے کو افسوس ناک قرار دیا۔
انہوں نے سیاست میں ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی تیزی سے صحت یابی اور اچھی صحت کے لیے دعا کی۔
قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے بھی پنسلوینیا میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی پرحملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

خیال رہے کہ سنیچر کی شام کو ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی سے خطاب کر رہے تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی۔ اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزری۔
ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کان زخمی ہوا ہے اور اس سے خون بہہ رہا ہے۔
امریکی سیکرٹ سروس نے جاری بیان میں کہا تھا کہ مشتبہ شوٹر نے ریلی سے باہر کسی اونچے مقام سے سٹیج کی جانب متعدد فائر کیے۔
سکیورٹی ایجنٹس نے حملہ آور کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔
حملہ آور کی فائرنگ سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔

شیئر: