Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوپا امریکہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں لیونل میسی کیوں رو پڑے؟

لیونل میسی میچ کے 64ویں منٹ پر انجری کا شکار ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں ہونے والے کوپا امریکہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پیر کو ارجنٹینا نے کولمبیا کو ایک صفر سے شکست دے کر 16ویں بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا تاہم ارجینٹینا کے کیپٹن لیونل میسی کی اس موقعے پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لیونل میسی امریکہ کی ریاست میامی کے ’ہارڈ راک سٹیڈیم‘ میں کھیلے گئے فائنل کے دوسرے ہاف میں انجری کا شکار ہوئے جس کے درد کے باعث انہیں روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دی گارڈین میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق میچ کے 64ویں منٹ پر لیونل میسی کو بظاہر درد کے باعث اپنا ٹخنہ پکڑ کر گراؤنڈ میں بیٹھتے ہوئے دیکھا گیا۔
خبر کے مطابق 37 سالہ فٹبالر میسی تیز رفتار میں دوڑتے ہوئے ’نان کنٹکٹ‘ انجری کا اس وقت شکار ہوئے جب مقابلہ ڈیڈلاک کا شکار تھا اور دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود کوئی بھی گول کر پانے میں ناکام تھیں۔
گراؤنڈ میں گرتے ہی میسی نے اپنی ٹیم کے بینچ کی جانب دیکھا اور ٹرینرز کے آنے کا انتظار کیا۔ اس کے بعد  ٹرینرز نے جلدی سے میسی کا پاؤں سیدھا کر کے ان کا دائیاں جوتا اتارا۔
انہوں نے میدان سے باہر نکلتے ساتھ ہی کیپٹن بینڈ اتارا اور مایوسی میں اپنا جوتا زمین پر پھینکا۔
اس کے بعد انہیں درد کے باعث اور فائنل جیسے اہم ترین میچ میں مزید کھیل جاری نہ رکھ پانے پر جذباتی انداز میں چہرہ ڈھانپ کر اپنی نشست پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم اس دوران میچ کے طے کردہ وقت کے اختتام میں ابھی 26 منٹ باقی تھے۔

لیونل میسی درد اور میچ میں شرکت نہ کر پانے کے باعث افسردہ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

میچ کے براڈ کاسٹر کی جانب سے دکھائی جانے والی نشریات میں میسی کے دائیں ٹخنے پر برف کی ٹکور کرتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ شائقین کی جانب سے میسی کے حق میں نعرے بلند ہوتے بھی سنائی دیتے رہے۔
میسی میچ میں واپسی سے قبل گراؤنڈ کے قریب ہی چہل قدمی کرتے رہے۔
لیونل میسی ایک عرصے سے ٹانگ کی انجری کا شکار ہیں اور اسی باعث انہیں ارجینٹینا کے گروپ سٹیج فائینل سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

شیئر: