ارجنٹینا کا ایک اور ریکارڈ، 16ویں بار کوپا امریکہ کا ٹائٹل جیت لیا
ارجنٹینا کا ایک اور ریکارڈ، 16ویں بار کوپا امریکہ کا ٹائٹل جیت لیا
پیر 15 جولائی 2024 10:39
66ویں منٹ میں لیونل میسی زخمی ہونے کے بعد میچ سے باہر ہو گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں ہونے والے کوپا امریکہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ارجنٹینا نے کولمبیا کو ایک صفر سے شکست دے کر 16ویں بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریاست میامی کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں لاؤٹارو مارٹینیز نے ایسے وقت میں گول کر دیا جب ہر طرف مایوسی پھیل چکی تھی۔
سکیورٹی اور تماشائیوں کی تعداد کے حوالے سے مسائل سے دوچار میچ 82 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، جس کا اختتام ماٹینیز کے گول سے ہوا، جو ٹورنامنٹ میں ان کا پانچواں گول تھا۔
یہ فتح ارجنٹینا کی 2021 میں کوپا اور 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کی جیت کے بعد تیسری بڑی کامیابی ہے۔
اس اہم کامیابی کے جشن سے قبل ایک سوگوار سی کیفیت اس وقت آئی جب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی 66ویں منٹ میں زخمی ہونے کے بعد میچ سے باہر ہو گئے اور باقی کا میچ بینچ پر بیٹھ کر دیکھا جس کے دوران وہ خاصے پریشان دکھائی دیتے رہے۔
اسی طرح قومی ٹیم کے لیے اپنے میچ میں اینجل ڈی ماریا کے لیے جذباتی لمحات بھی دیکھے گئے۔
2001 میں کوپا امریکہ کا ٹائٹل حاصل کرنے والی کولمبیا کے لیے یہ ایک مایوس کن رات تھی۔
سٹیڈیم میں تماشائیوں کے داخلے کے وقت شدید دھکم پیل رہی اور منتظمین کی جانب سے تماشائیوں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ٹکٹ کے بغیر داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ دوسری جانب تماشائیوں کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں داخلے کے حوالے سے مناسب انتطامات نہیں کیے گئے تھے۔
میچ سے قبل صورت حال اس وقت بھی کافی خراب ہو گئی جب سخت گرمی کی وجہ سے کچھ تماشائیوں کی طبیعت خراب ہو گئی اور اچانک گیٹ کھول دینے کا فیصلہ ہوا جس کے بعد بغیر چیکنگ کے لوگ اندر داخل ہوئے۔
بہرحال صورت حال کو کچھ دیر میں قابو کر لیا گیا اور میچ شروع ہوا۔
میچ کے ساتویں منٹ میں کولمبیا کے جان کوربوب کی ایک زوردار کک کے نتیجے میں بال گول پوسٹ کے نچلے حصے سے ٹکرائی تاہم گول نہیں ہو سکا اور اس کے بعد کافی دیر تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
20ویں منٹ میں ڈی ماریا کو میسی کا پاس ملا تاہم کولمبیا کے گول کیپر گیند کو اندر جانے سے بچانے میں کامیاب رہے۔
کولمبیا کی ٹیم ابتدائی لحات میں زیادہ جاندار دکھائی دی اور 33ویں منٹ میں جیفرسن لرما نے گیند گول پوسٹ کی طرف اچھالی تاہم ایملیانو مارٹینیز نے چھلانگ لگا کر اس کو روکا۔
36ویں منٹ میں تشویش کی لہر اس وقت دوڑی جب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی اچانک زخمی ہو گئے اور ان کو علاج کے لیے میدان چھوڑنا پڑا، ان کی جگہ نیکولس گونزالز کھیلنے آئے۔
اس صورت حال کے باعث پہلا ہاف کافی مایوس کن رہا جبکہ دوسرا ہاف شروع ہونے کے بعد بھی صورت حال میں زیادہ تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور بور ہوتے شائقین کو کولمبین گلوکارہ شکیرا کی جانب سے کسی حد تک تفریح ملی۔
مقررہ وقت میں کوئی گول نہ ہونے پر اضافی وقت دیا گیا اور آخرکار 112ویں منٹ میں وہ لمحہ بھی آیا جب لاؤٹارو مارٹینز بال کو گول پوسٹ کے اندر دھکیلنے میں کامیاب ہوئے۔