کولکتہ۔۔۔۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ میں این ڈی اے کے نئے صدارتی امید وار رام ناتھ کوند کو نہیں جانتی۔انہیں کس نے امیدوار نامزد کیا ہے؟ کیا کوئی اور امیدوار نہیں تھا؟وزیر اعلیٰ ہیگ جاتے ہوئے دبئی انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ وہ اقوام متحدہ کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئی ہیں۔اس سے قبل وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ان سے اپنے امیدوار کیلئے حمایت کی درخواست کی تھی۔ ممتا نے کہا کہ کسی کی حمایت کرنے سے پہلے اس شخص کے بارے میں علم تو ہونا چاہئے۔ ان کے نام پر کوئی تبادلہ خیال ہی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی یوں اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ ممتا نے یہ نہیں بتایا کہ کیا 17جولائی کو ہونیوالے صدارتی انتخاب میں متحدہ اپوزیشن اپنا امیدوار کھڑاکریگی۔انہوں نے کہاکہ 22جون کو اپوزیشن کا اجلاس ہوگا اس کے بعد ہی فیصلے کا اعلان ہوگا۔پہلے اپوزیشن کو اس کا فیصلہ کرنے دیں۔