عسیر ریجن میں 100 نئے پارکوں کا افتتاح
واکنگ ٹریکس کے علاوہ بچوں کی تفریح کا بھی سامان فراہم کیا گیا ہے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
عسیر ریجن میں بلدیہ کی جانب موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے 100 نئے پارکوں کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ 40 سے زائد پارکوں کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق ریجنل بلدیہ کے ترجمان ماجد الشھری نے مزید بتایا کہ موسم گرما کے حوالے سے سالانہ تعطیلات میں آنے والے زائرین اور سیاحوں کی دلچسپی کےلیے تیار کیے جانے والے جامع پروگرام پرعمل کیا گیا جس کے تحت ریجن کے مختلف علاقوں میں پارک قائم کیے گئے۔
ترجمان بلدیہ کا مزید کہنا تھا کہ نئے پارکوں کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود 40 سے زیادہ تفریحی پارکوں کی تزئین و آرائش کی گئی ۔
نئے تعمیر کیے جانے والے پارکوں میں جاگنگ ٹریک بنائے گئے علاوہ ازیں سائیکل چلانے کے لیے جدا ٹریک تعمیر کیے گئے جبکہ مختلف مقامات پر آرام کرنے کے لیے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر خصوصی بینچز نصب کیے گئے ہیں۔
بچوں کے لیے بھی پارکوں میں خصوصی انتظام کیا گیا ہے اس ضمن میں پارکوں میں جھولے اور دیگر تفریحی سامان مہیا کیا گیا ہے۔