Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹار فٹ بالر میسی اولمپکس نہیں کھیلیں گے لیکن ورلڈ کپ کے لیے تیار

لیونل میسی سنہ 2008 میں اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے والی ارجنٹائن ٹیم کے رکن تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آٹھ دفعہ ’بیلن ڈی آر‘ ایوارڈ اپنے نام کرنے والے دنیا کے عظیم فٹ بالر لیونل میسی نے امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این کو ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس موسم گرما میں پیرس اولمپکس میں ارجنٹائن کے ساتھ دوسرا گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش نہیں کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فٹ بال کلب انٹر میامی کے فاورڈ میسی نے بدھ کو نشر ہونے والے انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے مسچرانو (ارجنٹائن کے اولمپک کوچ جیویئر) سے بات کی، اور ہم نے فوری طور پر صورتحال پر اتفاق کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک مشکل لمحہ ہے، کیونکہ وہاں کوپا امریکہ ہے، اور اس کا مطلب یہ ہو گا کہ میں کلب سے لگاتار دو یا تین مہینے دور ہوں۔‘
’میری عمر میں، میں سب کچھ نہیں کھیلنا چاہتا اور مجھے صحیح انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔‘
خیال رہے کہ میسی سنہ 2008 میں اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے والی ارجنٹائن ٹیم کے رکن تھے۔
میسی، جو 24 جون کو 37 برس کے ہو جائیں گے، امریکہ میں 20 جون سے 14 جولائی تک ہونے والے کوپا امریکہ میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹائن کے ساتھ ہوں گے۔ جبکہ اولمپکس 26 جولائی سے شروع ہو رہا ہے۔
تاہم لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں شمولیت سے انکار نہیں کیا۔ وہ سنہ 2026 میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں اپنا چھٹا فٹ بال ورلڈ کپ کھیلیں گے جو ایک ریکارڈ ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ریکارڈز بنانا اور چیزوں کو حاصل کرنا جاری رکھنا بہت اچھا ہے لیکن میں ورلڈ کپ میں صرف یہ کہنے کے لیے حصہ نہیں لوں گا کہ میں چھٹی دفعہ کھیل رہا ہوں۔‘

شیئر: