آئی ٹی کمیونیکیشن میں تعطل ، ریاض ایئرپورٹ پر مسافروں میں پانی تقسیم
جمعہ 19 جولائی 2024 20:16
مختلف فضائی کمپنیوں کے مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا(فوٹو، اخبار 24 )
جمعہ کے روز دنیا بھر میں آئی ٹی کمیونیکیشن میں ہونے والے تعطل سے متعدد فضائی کمپنیوں کی سروس متاثر ہونے سے مملکت کے متعدد ایئرپورٹس پر مسافروں کو روانگی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے انتظار گاہ میں موجود ان مسافروں کو جن کی فضائی کمپنیاں مواصلاتی نظام میں ہونے والے خلل سے متاثر ہوئی تھیں مختلف خدمات فراہم کیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کی ٹیموں نے مسافروں میں پانی کی بوتلیں بھی تقسیم کیں جبکہ ان کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے انہیں دیگر خدمات بھی فراہم کی گئیں۔
واضح رہے ریاض ، جدہ اور دمام کے ہوائی اڈوں پر متعدد فضائی کمپنوں کے مسافروں کو آئی ٹی کمیونیکیشن میں ہونے والی خرابی سے کافی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔
اس ضمن میں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پرآئی ٹی مواصلات کے متبادل نظام کو مختلف فضائی کمپینوں کے تعاون سے بحال کیا گیا جس سے معاملات میں قدرے بہتری آئی تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کو چاہئے کہ وہ اپنی فضائی کمپنی سے رابطے میں رہیں۔