Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام کو سولر پینلز فراہم کرنے کی سکیم مزید آسان بنائی جائے: مریم نواز کی ہدایت

مریم نواز نے کہا کہ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے (فوٹو: مسلم لیگ ن)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے اور سکیم کے اجرا کے لیے کارروائی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
سنیچر کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف او رپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹرسولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع ہو گیا ہے جس میں سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائے گا۔
 14 اگست سے سولر پینل فنانسنگ سکیم لانچ کردی جائے گی، پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دیے جائیں گے۔
سولر سسٹم لگانے کے خواہشمند افراد 8800 پر بل ریفرنس نمبر اور کمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گئے اورسولر پینل فنانسنگ سکیم کے لیے اپنی اہلیت چیک کر سکیں گے۔
 بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین وزیر اعلیٰ سولرپینل فنانسنگ سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
رجسٹریشن کے بعد قرعہ اندازی ہوگی، کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا، صارف کے کوائف کی تصدیق کی جائے گی۔
چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لیے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیوآر کوڈ موجود ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ ’چاہتی ہوں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے، سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔ آٹا اور بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔‘
سیکریٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر نصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔

شیئر: