Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گرد تنظیم سے منسلک سعودی کی سزائے موت پر عمل درآمد

عدالت نے جرائم ثابت ہونے پر موت کی سزا کا حکم سنایا تھا۔ (فوٹو اخبار 24)
  وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ  دہشتگرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے سعودی شہری کی سزائے موت پرمنگل کے روزعمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے  دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب سعودی شہری احمد بن حسن بن علی آل عیسی کو گرفتار کیا جس پر الزام تھا کہ اس نے دہشت گرد تنظیم میں شمولیت کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے اور انہیں قتل کرنے، مالی معاونت سمیت متعدد جرائم کے ارتکاب اور ہتھیاروں کی فراہمی میں حصہ لیاتھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کی مختلف کاروائیوں میں مطلوب شہری کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جرائم ثابت ہونے پر اسے موت کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی عدالت کے فیصلے کے خلاف  اپیل کورٹ سے رجوع کیا گیا مگر جرم کی سنگینی دیکھتے ہوئے اپیل مسترد کرتے ہوئے سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا جس کے بعد ایوان شاہی  سے فیصلے پر عمل کرنے کا حکم جاری کردیا گیا جس پر منگل کو مشرقی ریجن میں سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: