Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری اور غیرملکی کی سزائے موت پرعمل درآمد

ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کردیا تھا۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ پیر کو عسیر ریجن میں ایک سعودی اور الجوف ریجن میں ایک شامی کی موت کی سزا پرعمل درآمد کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ‘ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ عسیر ریجن میں سعودی شہری سعید بن مبارک بن سعید آل غائب نے اپنے ہموطن عبدالکریم بن سفر بن عائض الشھرانی کو گاڑی سے کچل کر قتل کردیا تھا۔
قتل کی واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے قتل عمد میں مطلوب سعودی شہری کو گرفتار کرکے اس کا چالان عدالت میں پیش کردیا۔
جرم ثابت ہونے پر ابتدائی سماعت کی عدالت نے قاتل کو سزائے  موت کا حکم سنا دیا۔
اپیل کورٹ بعدازاں ہائی کورٹ نے بھی ابتدائی عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ جس کے بعد ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل کی منظوری دے دی جس پر پیر کو عمل درآمد کردیا گیا۔
دوسری جانب الجوف ریجن  میں نشہ آور گولیوں کے شامی سمگلر کی موت کی سزا پرعمل درآمد کردیا گیا ۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شامی شہری عدنان حسین السلیمان مملکت میں نشہ آور گولیاں سمگل کرتا تھا ۔ سیکیورٹی حکام  نے منشیات فروشی کے الزام میں اسے گرفتار   اور تفتیش کے بعد اسے عدالت کے حوالے کردیا۔
ابتدائی عدالت نے اسے موت کی سزا کا حکم دیا  جس کے بعد دیگر عدالتوں نے بھی پہلے فیصلے کو برقرار رکھا۔
آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل  کا حکم  جاری کردیا جس پر وزارت داخلہ نے پیر کو الجوف ریجن میں عمل درآمد کردیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: