پیپلز پارٹی کا صدرزرداری کی سالگرہ پر جشن، مینارِ پاکستان پر میوزیکل شو ہو گا
مینار پاکستان گراؤنڈ میں 25 جولائی کی رات کو رنگا رنگ تقریب منعقد ہو گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی نے صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ پر جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 26 جولائی کو صدر آصف علی زرداری کی 69ویں سالگرہ کو پیپلز پارٹی ’پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان‘ کے طور پر منائے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل میر کے مطابق لاہور میں دو بڑے ایونٹ رکھے گئے ہیں۔ 25 جولائی کو گورنر ہاؤس میں ایک تقریب ہو گی جس میں مہمان خصوصی سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ہوں گے۔
اس تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا اور جیالے شرکت کریں گے۔
اسی طرح دوسری تقریب ایک میوزیکل شو کی صورت میں مینار پاکستان پر منعقد کی جائے گی۔ یہ تقریب پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر فیصل میر کی جانب سے رکھی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اس تقریب سے متعلق کیے جانے والے انتظامات سے متعلق مزید کہا گیا ہے کہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں 25 جولائی کی رات کو رنگا رنگ تقریب منعقد ہو گی اور پہلی ’پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان‘ کی تقریب میں سابق وزیراعظم و پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
پروگرام کی میزبانی عائشہ جہانزیب کریں گی۔ گلوکارہ نمرہ مہرہ اور ساحر علی بگا موسیقی سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ فیصل میر کی جانب سے ہر سال پریذیڈنٹ ڈے منانے کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی۔
سالگرہ کی تقریب سے راجہ پرویز اشرف خطاب کریں گے اور رات بارہ بجے آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں پریذیڈنٹ ڈے آف پاکستان کا کیک کاٹا جائے گا۔