کچھ دوستوں کو سمجھ نہیں، انکم ٹیکس لگائے جا رہے ہیں: صدر زرداری
آصف علی زرداری نے کہا کہ ’میڈیا میں جتنی تنقید مجھ پر ہوئی ہے کسی اور پر نہیں ہوئی۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بڑے زمینداروں پر ٹیکس لگانا پڑے گا آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے۔
منگل کو لاہور میں پروفیسر وارث میر میموریل سیمینار سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ’کچھ دوستوں کو سمجھ نہیں آتی، وہ انکم ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، ملک بنانے میں صرف مالیات نہیں اور چیزوں کی بھی اہمیت ہوتی ہے۔‘
صدر مملکت نے کہا کہ ایگرو فارم اور ایگرو انڈسٹری مستقبل ہے، بڑے زمینداروں پر ٹیکس لگانا پڑے گا آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میڈیا میں جتنی تنقید مجھ پر ہوئی ہے کسی اور پر نہیں ہوئی، میں ٹی وی نہیں دیکھتا، غیبت کو اپنے لیے ثواب کا سبب سمجھتا ہوں۔‘
’میں آزادی صحافت کے ساتھ ہوں لیکن گروپ بنا کر کسی مقصد کے لیے ہونے والی آزادی صحافت کے خلاف ہوں۔‘
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کی مضبوط لابی مسلم دنیا میں تقسیم لانے کے لیے اپنی طرف سے پرسپشن بنانا چاہتی ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کھرب پتی دوستوں نے ایک مودی میڈیا بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سوشل میڈیا کا دور ہے، ہر بات دنیا کے سامنے رکھی جا سکتی ہے لیکن سوشل میڈیا میں بھی گروپنگ نظر آتی ہے۔