Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرین کی سہولت کیلئے کوشاں رہینگے، شاہ سلمان

مکہ مکرمہ ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضیوف الرحمن کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مقدور بھر کوشش کرتے رہیں گے۔ وہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں کابینہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ کابینہ نے مختلف محلوں میں اسکول قائم کرنے کی اجازت دیدی۔سعودی عرب کے علاقائی سمندر میں المرجان آئل فیلڈ پر حملے کی کوشاں کشتیوں کو روکنے پر سعودی بحریہ کی تعریف کی۔پسندیدہ مشغلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی سرپرستی کیلئے قومی پروگرام کے قیام کی منظوری دیدی۔ مصر کے ساتھ تجارت و صنعت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ، قازقستان کے ساتھ زرعی تعاون کی مفاہمت کی یادداشت، ترکمانستان کے ساتھ سائنسی و تعلیمی تعاون کی یادداشت ، میکسیکو کے ساتھ مزدوروں کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، نیوزی لینڈ کے ساتھ فضائی نقل و حمل کے معاہدے، امارات کے ساتھ مشترکہ منڈی اور کسٹم تعاون ، مصر کے ساتھ ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے کی بھی منظوریاں دیں۔ شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شہروں میں حرمین شریفین اور انکے زائرین کی خدمت کیلئے سعودی عرب جو کچھ کررہا ہے وہ فرزندان وطن پر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم پر اظہار تشکر اور ہمارے لئے باعث فخر و ناز ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکت کو ہمیشہ امن و استحکام کی دولت سے نوازے۔ ضیوف الرحمن کی خدمت کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کے ہر فرد کو بہترین جزا سے نوازے۔ شاہ سلمان نے اس بات پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کا آخری عشرہ گزارنے کی توفیق بخشی۔ انہوں نے کابینہ کے ارکان کو صدر پاکستان ممنون حسین ، یمنی صدر اور عراقی وزیراعظم کیساتھ مذاکرات کے نتائج ، روسی صدر اور برطانوی وزیراعظم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطوں کے موضوعات سے آگاہ کیا۔سعودی کابینہ نے سیکیورٹی اداروں کو ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات۔ بدامنی پھیلانے والو ںکو عدالت کے کٹہرے میں لانے اور قطیف میں دہشتگردوں کے ہاتھوں کار میں آتشزدگی اور انکی ہلاکت سے متعلق حقائق کشا رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کابینہ نے علاقائی سمندر میں گھسنے کی کوشش کرنے والی 3کشتیو ںکو روکنے اور ان پر سوار دہشتگردوں کو گرفتار کرنے پر سعودی بحریہ کی تعریف کی۔ یمن میں انسانی امداد لیجانے والے ٹرکوں پر حوثیو ں کے قبضے کی مذمت کی۔ مصراور بحرین اور صومالیہ میں دہشتگردی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ علاوہ ازیں لندن کی مسجد کے قریب نمازیوں پر دہشتگردانہ حملے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ پیرس میں سیکیورٹی فورس پر حملے کی کوشش کو واجب مذمت قرار دیا۔برطانیہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیااور زخمیوں کیلئے فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔

شیئر: