موسیقی کی دنیا کے انڈین ستاروں کی جدہ میں منعقدہ کنسرٹ میں شرکت
موسیقی کی دنیا کے انڈین ستاروں کی جدہ میں منعقدہ کنسرٹ میں شرکت
ہفتہ 27 جولائی 2024 19:45
سلمان علی نے اپنی طاقتور آواز سے حاضرین کو مسحور کیا اور لوگوں نے ان کو خوب داد دی (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ سیزن 2024 کے ایک حصے کے طور پر ایکوسٹرین کلب میں ایک ثقافتی جشن کے لیے جدہ کی جنوب ایشیائی کمیونٹی اکٹھی ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق اس تقریب میں موسیقی، رقص اور ثقافتی پروگراموں کا متنوع امتزاج پیش کیا گیا اور اس نے ممتاز سعودی شخصیات، میڈیا کے نمائندوں اور ثقافتی شخصیات شامل کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
کنسرٹ میں مشہور انڈین فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جن میں ریپر دبزی، گلوکارہ نکھیتا گاندھی اور سلمان علی، جبکہ اداکارہ گوہر خان اور سنگیت ڈانس کریو شامل تھے۔
سلمان علی نے اپنی طاقتور آواز سے سامعین کو مسحور کیا اور لوگوں نے ان کو خوب داد دی۔
سلمان علی نے کہا کہ ’مجھے لوگوں کا جوش بہت پسند آیا جنہوں نے ماحول کو مزید پرجوش بنایا اور میرے ساتھ گانا گایا اور گانوں پر رقص کیا۔‘
نکھیتا گاندھی، جو اپنے مقبول بالی ووڈ ٹریکس کے لیے مشہور ہیں، نے بڑی تعداد میں موجود لوگوں کے لیے پرفارم کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’موسیقی ہم سب کو اکٹھا کرتی ہے۔ میرے ساتھ سب گا رہے تھے اور احساس توانائی بخشتا ہے۔‘
میزبان اداکارہ گوہر خان شدید گرمی کے باوجود اس تجربے سے محظوظ ہوئیں۔ وہ لوگوں کے جوش اور ان کی طرف سے موسیقی اور ثقافتی پرفارمنس کی پذیرائی سے متاثر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ دیکھ کر دل خوش ہوا کہ موسم اچھا نہ ہونے کے باوجود بہت سارے لوگ انڈین ثقافت کو منانے کے لیے اکٹھے ہوئے۔ ان کے جوش و خروش نے ایونٹ کو واقعی ناقابل فراموش بنا دیا، اور میں اس کا حصہ بننے کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔‘
انڈین ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک ریپر دابزی نے بھیڑ کو اپنے سحر میں جکڑ لیا اور لوگوںکو اپنی آواز پر رقص کرنے پر مجبور کر دیا۔
اپنے دوستوں کے ساتھ شو میں شریک جاوید رحیم نے کہا کہ ’میں نے روایات اور ٹیلنٹ کا اتنا متحرک امتزاج کبھی نہیں دیکھا۔ یہ دیکھنا واقعی متاثر کن ہے کہ یہ ثقافتیں کیسے اکٹھی ہوتی ہیں۔‘
ثنا خان نے کہا کہ ’موسیقی کی پرفارمنسز بہت عمدہ تھیں خاص طور پر سلمان علی کی۔ میں اور میرے خاندان نے ان کے معروف گانوں کے ساتھ گا کر بہت انجوائے کیا۔ انہیں کئی سالوں تک ٹیلی ویژن پر دیکھنے کے بعد انہیں لائیو پرفارم کرتے دیکھنا واقعی ایک بھرپور تجربہ تھا۔‘
یہ کنسرٹ سات ایشیائی ممالک کی ثقافتوں کا ایک میلہ ہے جن میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، فلپائن، انڈونیشیا اور نیپال شامل تھے۔
16 اگست تک ہر جمعہ کو ایک مختلف ایشیائی ثقافت کا جشن منایا جائے گا جس میں لائیو پرفارمنس، لوک کہانیوں کی نمائش اور بچوں کے لیے سرگرمیاں شامل ہیں۔