ذاتی معلومات انجان شخص یا ادارے کو نہ دیں، وزارت افرادی قوت کا انتباہ
اتوار 28 جولائی 2024 5:14
ہیکرز اور جعل سازوں سے بچنے کے لیے احتیاط برتنا ضروری ہے۔ (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے خبردار کیا ہے کہ ہیکرز سے بچنے کے لیے اپنی ذاتی معلومات جن میں ’سی وی‘ بھی شامل ہے کسی انجان شخص یا ادارے کو نہ دی جائے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جاری آگاہی پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع پر ہیکرز سے بچنا بے حد ضروری ہے۔
ہیکرز لوگوں کی ذاتی معلومات حاصل کرتے ہیں جنہیں استعمال کرکے وہ ان کے اکاؤنٹس و دیگر تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ اپنی ذاتی معلومات کی حفاظت کی جائے۔ ایسے افراد یا ادارے جو نوکری کا جھانسہ دے کر معلومات طلب کرتے ہیں انہیں کسی صورت میں اپنی ’سی وی‘ یا دیگر معلومات فراہم نہ کی جائیں۔
وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ جب تک اس بات کا یقین نہ ہو کہ ملازمت وغیرہ کے لیے جس ادارے کی جانب سے سی وی طلب کی گئی ہے وہ مصدقہ ہے اس وقت تک اپنی سی وی یا دیگر معلومات شیئر نہ کی جائیں۔
واضح رہے ہیکرز کی جانب سے نت نئے طریقے اختیار کرکے لوگوں کو لوٹا جاتا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ہیکرز معروف اداروں کا نام استعمال کرتے ہوئے ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے لوگوں سے سی وی طلب کررہے تھے بعدازاں وہ ان سے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی حاصل کرتے تھے۔
اس حوالے سے وزارت افرادی قوت اور دیگر سرکاری اداروں نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح دھوکے بازوں اور جعل سازوں کے چکر میں نہ آئیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں کیونکہ کوئی بھی سرکاری ادارہ کسی بھی صورت میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا۔