تمام اشارے ہیں کہ گولان کی پہاڑیوں پر حملے میں حزب اللہ ملوث ہے: امریکی وزیر خارجہ
اتوار 28 جولائی 2024 17:52
حزب اللہ نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایسے تمام اشارے ہیں کہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں پر ہونے والے راکٹ حملے میں لبنان کا عسکری گروپ حزب اللہ ملوث ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گولان کی پہاڑیوں پر ہونے والے راکٹ حملے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
جاپان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ ’ہر طرح کے اشارے ہیں کہ حقیقتاً راکٹ حزب اللہ نے فائر کیا تھا۔ ہم اسرائیل کے دہشت گرانہ حملوں کے خلاف حق دفاع کے ساتھ ہیں۔‘
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کو حزاب اللہ کی جانب سے فائر کیا جانے والا ایرانی ساختہ 50 کلوگرام وار ہیڈ والے راکٹ نے مجدال شمس کے دروز عرب ٹاؤن میں فٹ بال گراؤنڈ میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم عزہ جنگ کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ بہت زیادہ طوالت اختیار کر گئی اور اس میں بہت زیادہ جانوں کا نقصان ہوا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیلی، فسلطینی اور لبنانی تنازع اور تشدد کے خطرے سے آزاد اپنی زندگیاں گزاریں۔‘
بلنکن نے مزید کہا کہ ’ہم حکومت اسرائیل کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ میں اسرائیل کے اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے حق دفاع پر زور دیتا ہوں اور ہمارا عزم ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع میں کامیاب ہو۔‘
’لیکن ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ تنازع شدت اختیار نہ کرے۔ ہم اس تنازع کو پھیلتا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور یہ پہلے دن سے یعنی سات اکتوبر 2023 سے ہمارا مقصد رہا ہے اور ہم یہ کوشش کرتے رہیں گے۔‘