اسلام آباد میں کاروباری افراد کو لُوٹنے والا گروہ سرگرم، ملزمان کی تلاش
اسلام آباد میں کاروباری افراد کو لُوٹنے والا گروہ سرگرم، ملزمان کی تلاش
بدھ 31 جولائی 2024 5:24
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
ملزمان کاروباری افراد کو بینک سے نقدی رقم نکالنے کے بعد واپسی پر اپنا ہدف بنا رہے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جہاں ایک طرف عام شہریوں کے ساتھ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے تو وہیں اِن دنوں جرائم پیشہ افراد نے کاروباری شخصیات کو بھی اپنے نشانے پر رکھ لیا ہے۔
ملزمان کاروباری افراد کو بینک سے نقدی رقم نکالنے کے بعد واپسی پر اپنا ہدف بنا رہے ہیں۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے مختلف گروہوں کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی رہی ہے جبکہ مزید ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔
آئی نائن میں گتے کے گودام کے مالکان سے 13 لاکھ روپے چھیننے کی واردات
انڈسٹریل سیکٹر آئی نائن میں قائم گتے کے گودام کے مالکان کو بینک سے نقدی نکال کر لاتے ہوئے لوٹ لیا گیا۔
ملزمان نے گودام کے مالکان کی گاڑی روک کر ڈگی سے 13 لاکھ روپے نکالے اور فرار ہو گئے۔
پولیس نے مذکورہ واقعے کی ایف آئی درج کر رکھی ہے تاہم ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اس واقعے پر پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق گودام کے مالک اپنے ملازمین کے ہمراہ آئی ٹین مرکز سے رقم نکلوانے گئے۔ بینک سے رقم نکلوانے کے بعد جب گودام کے باہر پہنچے تو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اُنہیں گھیر لیا۔
ملزمان نے پستول کی نوک پر گاڑی سے اُتروا کر گاڑی کی ڈگی کھلوائی اور نیلے رنگ کے بیگ کا مطالبہ کیا جس میں رقم موجود تھی۔رقم ہاتھ لگنے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
`ملزمان گودام کی مسلسل ریکی کرتے رہے `
پولیس کے مطابق گودام کے مالکان سے نقدی چھیننے والے ملزمان اُن کی مسلسل ریکی کرتے رہے۔ پیسے کہاں اور کس بیگ میں رکھے ہیں، ملزمان کو پہلے سے ساری معلومات تھیں۔
معروف تاجر سلیم سیف اللہ کے بھائی کے ساتھ 80 لاکھ روپے کی ڈکیتی
حالیہ دنوں ہی اسلام آباد کے جناح ایونیو پر ملک کی معروف کاروباری شخصیت سلیم سیف اللہ کے بھائی اقبال سیف اللہ سے نامعلوم ملزمان 80 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس وردی میں ملبوس ملزمان نے یہ واردات بلیو ایریا اسلام آباد کے مقام پر کی اور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو کاروباری شخصیت کی گاڑی کے آگے گاڑی لگاتے دیکھ جا سکتا ہے۔ پولیس وردی میں ملبوس ملزمان کاروباری شخصیت کی گاڑی کو روکنے کا اشارہ کرتے ہیں۔
گاڑی روکتے ہی پولیس وردی میں ملبوس ملزم گاڑی کے پاس جا کر چیکنگ کے بہانے گاڑی کے لاک کھولنے کا کہتا ہے اور لاک کھلتے ہی ملزم پیسوں کا بیگ چھین کر فرار ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے تھانہ کوہسار میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
آئی ٹین میں فیکٹری کے مالکان کے ساتھ 24 لاکھ روپے کی ڈکیتی
کاروباری افراد سے وارداتوں کے واقعات میں سے ایک اور واقعہ سیکٹر آئی ٹین میں پیش آیا جہاں ملزمان نے بینک کے باہر فیکٹری مالکان اور ملازمین سے 24 لاکھ روپے چھینے اور فرار ہو گئے۔
واردات کے اس واقعے میں بھی ملزمان فیکٹری کے مالکان کی بینک سے نقدی نکلوانے کے عمل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جب وہ بینک سے رقم نکلوا کر باہر آئے تو تھوڑے فاصلے پر موجود ملزمان نے اُنہیں روک کر پستول کی نوک پر رقم چھین لی۔
تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں ایک اور بڑی واردات
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین تھری میں ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران مسلح ملزمان 48 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔
اس واقعے میں بھی ملزمان نے گھات لگا کر شہری کی گاڑی کو روکا جو بینک سے نقدی رقم نکلوا کر فیکٹری میں جا رہا تھا۔ ملزمان نے اسلحے کی نوک پر شہری سے 48 لاکھ روپے نقدی چھینی اور فرار ہو گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ملزمان کو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تھانہ سبزی منڈی کی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ایس پی سٹی ارسلان شاہ زیب نے رابطہ کرنے پر اُردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس ایسی وارداتوں میں ملوث مختلف گروہوں کی گرفتاری عمل میں لاتی رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس تمام شہریوں بشمول کاروباری افراد کی حفاظت کے لیے اسلام آباد پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور ایسے مزید ملزمان کی تلاش کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔