مون سون: 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کا الرٹ
مون سون: 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کا الرٹ
ہفتہ 3 اگست 2024 14:06
مون سون کی شدید بارشوں کے باعث پاکستانی حکام نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پاکستان میں طوفانی بارشوں سے رواں ہفتے کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب کی ڈیرہ غازی خان ڈویژن، بلوچستان کے ژوب، سبی، نصیر آباد اور قلات اور سندھ میں لاڑکانہ اور حیدرآباد ڈویژن کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے جنوبی اور شمال مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے شمال مشرقی علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مٹھی، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، جامشورو، عمرکوٹ، کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال میں بارش کا امکان ہے۔ بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں موسلادھار بارشیں متوقع ہے۔
مذکورہ بالا علاقوں میں بارشیں پانی کے جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔ خطرے سے دو چار علاقوں کی آبادی سیلاب کے پانی سے بچے اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ’پیر تک درمیانے درجے سے اونچے درجے کے سیلاب کی توقع ہے۔ تمام متعلقہ محکموں کو سیلاب اور شدید موسم کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 سے 5 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے۔
اسی طرح ملتان، ساہیوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا اندیشہ ہے جبکہ 4 اور 5 اگست کو سندھ کے نشیبی علاقے بھی زیرِآب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں بارشیں مزید شدت کے ساتھ جاری رہنے کی توقع ہے اور مون سون کی بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔
2 سے 6 اگست تک بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں 2 سے 6 اگست کے دوران خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، کیچ، قلات، کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیرآباد، جعفرآباد اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں 3 اگست سے 6 اگست کے دوران مطلع جُزوی ابرآلود رہے گا، تاہم دیامر، استور، سکردو، گلگت، گھانچے اور شِگر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
2 سے 5 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، بنوں، کرم، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی،
شمال مشرقی پنجاب، کشمیر کے برساتی ندی نالوں اور ڈیر غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔