متنازع گانے پر سزایافتہ ایرانی پاپ سٹار کی سزائے قید نصف کر دی گئی
متنازع گانے پر سزایافتہ ایرانی پاپ سٹار کی سزائے قید نصف کر دی گئی
منگل 6 اگست 2024 19:37
عوام کو فسادات پر اکسانے کے جرم میں تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ فوٹو انسٹاگرام
ایران کی اپیل کورٹ نے پاپ سٹار شیرین حاجی پور کو سنائی گئی قید کی سزا نصف کر دی ہے، پاپ سٹار کا وائرل ہونے والا گانا 2022 میں ملک گیر احتجاجی ترانہ بن گیا تھا۔
اے ایف پی نیوز کے مطابق عدلیہ نے گذشتہ روز منگل کو بتایا ہے کہ 27 سالہ شیرین گریمی ایوارڈ یافتہ حاجی پور کا گانا ’بارائے‘ ستمبر 2022 میں مہسا امینی کی حراست میں موت کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران مقبول ہوا۔
واضح رہے کہ 22 سالہ ایرانی کرد خاتون مہسا امینی کو ایران میں خواتین کے لیے حجاب کے ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
مارچ 2023 میں پاپ سٹار نے کہا تھا ’انہیں قومی سلامتی کے خلاف عوام کو فسادات پر اکسانے کے جرم میں تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔‘
شیرین نے اپنے انسٹاگرام پیج پر بتایا تھا ’ایران حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے پر بھی انہیں آٹھ ماہ کی سزا سنائی گئی ہے۔‘ تاہم ایرانی قانون کے تحت دونوں سزائیں ایک ساتھ چلتی ہیں۔
عدلیہ کی میزان ویب سائٹ پر گذشتہ روز منگل کو بتایا گیا ہے کہ ایران کی ایک اپیلٹ کورٹ نے حاجی پور کی سزا کم کر کے تقریباً 18 ماہ کر دی ہے۔
گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار کا فارسی گانا ایران میں ہونے والے مظاہروں کے بارے میں مختلف ٹویٹس پر مشتمل ہے۔
یہ گانا مارچ 2023 میں فارسی کے شروع ہونے والے نئے سال پر وائٹ ہاؤس کی تقریب میں بھی چلایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے ایک ماہ قبل شیرین حاجی پور کو سماجی تبدیلی کے لیے بہترین گانے کا گریمی ایوارڈ پیش کیا تھا۔
ایران میں جہاں خواتین کے لیے حجاب لازمی ہے جل بائیڈن نے اس گانے کو آزادی اور خواتین کے حقوق کے لیے طاقتور قرار دیا تھا۔