Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس فائنل: ’100 گرام اضافی وزن‘، ونیش پھوگاٹ ریسلنگ مقابلے کے لیے نااہل

پیرس اولمپکس 2024 میں حصہ لینے والی انڈیا کی معروف خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ وزن زیادہ ہونے کے باعث مقابلے سے باہر ہو گئی ہیں۔ 
نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کے مطابق منگل کو 50 کلوگرام فری سٹائل ریسلنگ کا سیمی فائنل جیتنے والی ونیش پھوگاٹ آج فائنل سے قبل وزن کیے جانے پر اوور ویٹ پائی گئیں۔ 
بدھ کے روز انڈین اولمپکس ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا ’ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ونیش پھوگاٹ خواتین کی 50 کلوگرام ریسلنگ کلاس کے لیے نااہل قرار پائی ہیں‘۔ 
آئی او اے نے بتایا ’رات بھر ٹیم کی بھرپور کوششوں کے باوجود آج صبح ونیش کا وزن 50 کلوگرام سے زیادہ تھا۔ اس وقت انڈین دستے کی طرف سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ انڈین ٹیم آپ سے درخواست کرتی ہے کہ ونیش کی رازداری کا احترام کریں‘۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ونیش پھوگاٹ کا وزن جائز حد سے تقریباً 100 گرام زیادہ تھا جس کی وجہ سے ان کی نااہلی ہوئی۔
ریسلنگ مقابلے کے قوانین کے مطابق، پھوگاٹ چاندی کے تمغے کے لیے بھی اہل نہیں ہوں گی اور 50 کلوگرام کلاس مقابلے میں صرف ایک سونے اور دو کانسی کے تمغے دیے جائیں گے۔
منگل کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں ونیش کا وزن 50 کلو کی حد کے مطابق تھا مگر اولمپکس قوانین کے مطابق ریسلرز کو مقابلے کے دونوں دن اس وزن کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ 
ریسلنگ قواعد کے مطابق ریسلرز کو دو بار وزن کرنا ہوتا ہے: ایک بار ابتدائی راؤنڈ کی صبح اور دوبارہ فائنل کی صبح۔ ونیش نے منگل کی صبح پہلے وزن کے دوران 50 کلوگرام وزن کی حد کو کامیابی سے پورا کیا۔
تاہم، تین باؤٹس میں مقابلہ کرنے کے بعد ونیش کا وزن بڑھ گیا اور انہیں رات بھر تقریباً 2 کلو وزن کم کرنے کی کوشش کرنا پڑی۔
یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کی روُل بُک کا آرٹیکل 11 کہتا ہے، ’اگر کوئی ایتھلیٹ ویٹ اِن (پہلا یا دوسرا ویٹ اِن) میں شرکت نہیں کرتا یا ناکام ہوتا ہے تو اسے مقابلے سے باہر کر دیا جائے گا اور بغیر کسی رینک کے آخری نمبر پر رکھا جائے گا‘۔
وزن برقرار رکھنے میں ناکام ہونے کے بعد ونیش کو مقابلے سے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جس کے بعد وہ اپنے سلور کے تمغے سے بھی محروم ہو جائیں گی۔ 50 کلوگرام ڈویژن اب ایک گولڈ میڈل اور دو کانسی کے تمغے دے گا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سیمی فائنل کے بعد منگل کی رات کو ونیش کا وزن 2 کلوگرام زیادہ تھا۔ ونیش اپنا وزن 50 کلو پر واپس لانے کے لیے ساری رات جاگتی رہیں اور جاگنگ، سکپنگ سے لے کر سائیکلنگ تک آزمائی۔ 
تاہم بدھ کی صبح ونیش 50 کلوگرام کی مقرر کردہ حد سے صرف 100 گرام زیادہ تھیں۔ انڈین دستے نے ان کے لیے اضافی وقت حاصل کرنے کی اپیل بھی کہ تاکہ وہ 100 گرام وزن گرا سکیں مگر انہیں اضافی وقت نہیں دیا گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ونیش پھوگاٹ کو 50 کلوگرام کے زمرے میں وزن کم کرنا مشکل محسوس ہوا ہے، عام طور پر وہ  53 کلوگرام کے مقابلوں میں حصہ لیتی آئی ہیں جو 50کلو ریسلنگ کلاس سے کم ہے۔
اس سے قبل انہیں اولمپکس کوالیفائر کے دوران بھی اسی طرح کی آزمائش کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں انہیں بہت مشکل سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

شیئر: