Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وقت آگیا ہے خدا حافظ کہنے کا‘ اسلام آباد کا مشہور مونال ریستوران کب بند ہوگا؟

مونال اسلام آباد نے مزید لکھا کہ ’یہ سفر کامیابی کی داستانوں اور جذبات سے بھرپور تھا لیکن اب خدا حافظ کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘ (فوٹو: گوگل)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع مشہور ریستوران مونال نے اپنی بندش کا اعلان کر دیا ہے۔ 
مونال اسلام آباد کی جانب سے ریستوران کے بند ہونے کا اعلان فیس بک پر کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ یہ ریستوران 11 ستمبر 2024 کو بند ہو جائے گا۔
مونال اسلام آباد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’وقت آگیا ہے کہ خدا حافظ کہنے کا۔  سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق ہم اپنا ریستوران 11 ستمبر 2024 کو بند کر رہے ہیں۔‘
پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’سنہ 2006 لے کر مونال فیملی کو عوامی خدمت کرنے اور پاکستان اور اُس کے خوبصورت لوگوں کا مثبت چہرہ سامنے لانے پر فخر ہے۔‘
مونال اسلام آباد نے مزید لکھا کہ ’یہ سفر کامیابی کی داستانوں اور جذبات سے بھرپور تھا لیکن اب خدا حافظ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘
 

یہاں یاد رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے 13 جون کو سماعت میں دارالحکومت میں واقع مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں موجود تمام ریستورانوں پر پابندی عائد کی تھی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے مونال ریستوران کی انتظامیہ نے 9 ستمبر 2024 تک اپنے ریستوران کو بند کرنے کی مہلت مانگی تھی۔
مونال اسلام آباد کے بند ہونے کے فیصلے پر فیسبک صارفین مایوسی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
محمد روباس اپنے تبصرے میں لکھتے ہیں کہ ’ایک تاریخ کو الوداع۔ مونال جو کے اسلام آباد کی سیاحت کا دل تھا، وہ عدالت کے فیصلے پر بند ہونے والا ہے۔ یہ تاریخی جگہ بہت یاد آئے گی۔‘
فیصل ڈوگر نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اچھی چیزیں پاکستان سے غائب ہو جاتی ہیں، لہذا پریشانی کی کوئی بات نہیں۔‘

شیئر: