Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے گراؤنڈ کا خصوصی دورہ

شاہین آفریدی 21 اگست سے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے خصوصی طور پر انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) کے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوم گراؤنڈ اولڈ ٹریفرڈ کا دورہ کیا۔
ویب سائٹ کرک ٹریکر کے مطابق شاہین آفریدی حالیہ دنوں میں کرکٹ سے وقفہ لینے کی غرض سے برطانیہ میں اپنا وقت گزار رہے ہیں۔
حالیہ دنوں شاہین شاہ آفریدی کو برطانیہ کے سب سے بڑے کلب سٹیڈیم اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہوم گراؤنڈ اولڈ ٹریفرڈ میں دیکھا گیا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ دنیا کے مشہور فٹبال کلبز میں سے ایک ہے جسے لاکھوں لوگ پسند کرتے ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں شاہین آفریدی کے اولڈ ٹریفرڈ دورے کی جھلکیاں جاری کیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شاہین اتر گیا ہے۔ تھیٹر آف ڈریمز (اولڈ ٹریفرڈ) میں آپ کو دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ اگر آپ دوبارہ آئیں گے تو تب بھی آپ کو خوش آمدید۔‘
 
پوسٹ میں جاری ہونے والی تصویروں میں شاہین آفریدی کو مانچسٹر یونائیٹڈ کی شرٹ پہنے ہوئے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب شاہین آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد 21 اگست سے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اپنے مداحوں کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی جبکہ دوسرا میچ 30 اگست سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: