Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلوبل ٹی20: بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ

پی سی بی کے مطابق ’اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گلوبل ٹی20 لیگ کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کی رات کو پی سی بی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ کو بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی غیرمعمولی مصروفیات اور تینوں کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد انہیں این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’تینوں کھلاڑی تینوں فارمیٹ کے کرکٹرز ہیں اور پاکستان کو آئندہ آٹھ ماہ کے دوران ان کی خدمات درکار ہوں گی۔‘ 
’پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے پیش نظر یہ پاکستان کرکٹ اور تینوں کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ یہ کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ میں حصہ نہ لیں۔‘
پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ’اس سے کھلاڑی سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی شکل میں ہوں گے جس کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نو ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔‘
’قومی ٹیم آئندہ سال ملک میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور 9 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے گی۔‘
اس دوران پی سی بی نے آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کے لیے این او سی کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق ’چاروں کھلاڑی بنیادی طور پر وائٹ بال کے کرکٹرز ہیں۔افتخار احمد اور محمد نواز سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی ہیں۔‘
یاد رہے کہ کینیڈا کی گلوبل ٹی20 لیگ کا چوتھا ایڈیشن 25 جولائی سے 11 اگست تک کھیلا جائے گا تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تاحال ایونٹ کی منظوری نہیں دی۔

شیئر: