عالمی برادری افغان پناہ گزینوں کے مسئلے پر اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے: شہباز شریف
تقریباً چھ لاکھ افغان پناہ گزین وطن واپس جا چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے افغان پناہ گزینوں کی صورتحال پر ملاقات کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرینڈی جو اتوار کو پاکستان کے تین روزہ دورے پر پہنچے تھے، دو دن افغان مہاجرین کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔
منگل کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرینڈی کو بتایا کہ متعدد چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود افغان پناہ گزینوں کے ساتھ ’مثالی احترام اور وقار‘ کے ساتھ برتاؤ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغان پناہ گزینوں کی اتنی بڑی آبادی کی میزبانی کرنے سے پاکستان پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے اور اس مسئلے کے دیرپا حل کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
وزیراعظم نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے یو این ایچ سی آر پر زور دیا کہ ’وہ افغان مہاجرین کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کی محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
’افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھے۔‘
یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان کو مثالی مہمان نوازی کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
پاکستان نے طویل عرصے سے تقریباً 17 لاکھ افغانوں کی میزبانی کی ہے، جن میں سے زیادہ تر 1979 اور 1989 کے سوویت قبضے کے دوران پاکستان آئے تھے۔
2021 میں طالبان کے قبضے کے بعد نصف ملین سے زیادہ دیگر افغان شہریوں نے بھی ملک چھوڑا۔ اب بھی ہزاروں ایسے افراد پاکستان میں موجود ہیں جو امریکہ اور دیگر جگہوں پر آباد ہونے کے لیے منتظر ہیں۔
گزشتہ سال پاکستان نے غیر قانونی افغان شہریوں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا جس کے بعد ایک اندازے کے مطابق اب تک چھ لاکھ افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔