سعودی عرب خلائی سیاحتی فرم کی آزمائشی پرواز کی میزبانی کرے گا
سعودی عرب خلائی سیاحتی فرم کی آزمائشی پرواز کی میزبانی کرے گا
جمعرات 8 اگست 2024 19:29
کامیابی کے بعد 2026 میں سپیس کے لیے کمرشل فلائٹس شروع کی جائیں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن خلائی سیاحتی فرم ’ہیلو سپیس ٹورازم‘ کے ساتھ مل کر خلا کے لیے آزمائشی پرواز کی میزبانی کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق کنگڈم کمیونیکیشنز، سعودی سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن کے تعاون سے ستمبر میں چھٹی ہیلو سپیس ٹیسٹ فلائٹ میں لائف سائز پروٹوٹائپ کیپسول ’ارورا ‘ کا استعمال کیا جائے گا۔
خلا کے سفر کے لیے پروٹوٹائپ کیپسول زمین کی سطح سے 30 کلومیٹر اوپر جائے گا۔ اس کا اعلان بدھ کو کیا گیا ہے۔
خلائی سیاحتی فرم نے کہا ہے کہ اس پرواز کا آغاز گذشتہ تین برس میں تیارکردہ تمام اہم نظام کے مربوط آپریشن کی جانچ اور توثیق کے ساتھ کیا جائے گا۔
ہیلو سپیس کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر البرٹو کاسٹریلو نے بتایا ہے کہ سعودی سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن کے ساتھ مل کر ٹیسٹ فلائٹ کی تیاریوں کی نگرانی کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز سے کام کر رہے ہیں۔
اس آزمائشی پرواز کے لیے تمام ریگولیٹری ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر سرکاری اداروں جیسے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا تعاون بھی شامل ہے۔
سعودی عرب میں سپیش آپریشن کے لیے تعاون خلائی تحقیق کے لیے مملکت کے مثالی حالات اور خلائی سیاحت میں سب سے آگے رہنے کے عزائم کو اجاگر کرتا ہے۔
ہیلو سپیس کی پروٹو ٹائپ کیپسول ٹیسٹ پروازیں انسانوں کو خلا میں لے جانے کی نوید ہے جو 2025 میں شروع ہونے کی توقع ہے، کامیابی کے بعد 2026 میں کمرشل فلائٹس شروع کی جائیں گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں