Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قیادت آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے: سعودی خلاباز

سعودی خلابازوں ریانہ برناوی اور علی القرنی کی طرف سے پہلا ویڈیو پیغام موصول ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خلا بازوں نے یہ پیغام انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پہنچنے سے پہلے بھیجا ہے۔
خلا بازوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ریانہ برناوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’یہ تاریخی لمحہ بہت بڑا اعزاز ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہماری قیادت نے آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے تمام مواقع فراہم کر دیے ہیں۔‘
’ہم اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور اسی ترقی کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ ہم آسمان کی بلندیوں تک پہنچ گئے ہیں۔‘
دوسری طرف خلا باز علی القرنی نے کہا ہے کہ ’یہ تاریخی لمحہ ہمیشہ یاد رہے گا اور آنے والی نسلیں اس پر فخر کریں گے۔‘
’ہم خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس ہر شخص اور ادارے کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے اس مہم کو کامیاب بنایا۔‘
واضح رہے سعودی عرب نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک نئی تاریخ اس وقت رقم کی تھی جب پہلی سعودی خاتون خلانورد ریانہ برناوی اور ان کے ساتھ علی القرنی سمیت چار خلاباز بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) کے سائنسی مشن پر روانہ ہوئی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی خلا باز وں کا سفر ایکسیوم سپیس 2 مشن کے ذریعے امریکی وقت کے مطابق پانچ بج کر 37 منٹ پر شروع ہوا تھا۔
خلائی سٹیشن پر آٹھ دن قیام کے دورن خلا باز 20 تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔ ان میں سعودی سائنسدانوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
خلائی مشن پر روانگی سے قبل سعودی خلا بازوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر اپنے سپیس بیگ کی تصاویر شیئر کیں۔
سعودی خاتون خلا باز اور بریسٹ کینسر ریسرچر ریانہ برناوی نے سعودی سپیس کمیشن کی نمائندگی پر جوش اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اس موقع کو ایک خواب قرار دیا تھا۔

شیئر: