Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وینزویلا کی حکومت سوشل میڈیا سائٹ ایکس کو 10 دن کے لیے بند کیوں کر رہی ہے؟

وینزویلا کی حزب اختلاف کا دعویٰ ہے کہ صدارتی الیکشن میں اُس کو بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
براعظم جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو دس دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے حالیہ صدارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا جس کے بعد اپوزیشن نے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دے کر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو وینزویلا کی حکومت نے کہا کہ ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو 10 دنوں کے لیے بلاک کر دیا جائے گا۔
ٹیلی کمیونیکیشن کی انچارج ریاستی ایجنسی نے اعلان کیا کہ سوشل نیٹ ورک ایکس کو وینزویلا میں 10 دنوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔
قبل ازیں صدر مادورو نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک پر اپنے دوبارہ انتخاب کے خلاف ’حملے‘ کا الزام لگایا تھا۔
وینزویلا کی اپوزیشن نے جمعرات کو خبردار کیا کہ اگر صدر نکولس مادورو متنازع الیکشن کے بعد اقتدار میں رہتے ہیں تو ملک سے بڑے پیمانے پر لوگ مہاجر بن کر دوسرے ملکوں میں جائیں گے۔
امریکہ نے وینزویلا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ احتجاج کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار نہ کرے۔
انتخابی حکام نے مادورو کو 28 جولائی کو ہونے والے الیکشن کا فاتح قرار دیا لیکن ابھی تک تفصیلی نتائج جاری نہیں کیے۔ وینزویلا کے بائیں بازو کے سرکردہ اتحادیوں برازیل، کولمبیا اور میکسیکو نے جمعرات کو مشترکہ بیان میں نیشنل الیکٹورل کونسل سے پولنگ کے ریکارڈ کو شائع کرنے کے مطالبے کو دُہرایا۔
وینزویلا کی حزب اختلاف کا دعویٰ ہے کہ صدارتی الیکشن میں اُس کو بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
نکولس مادورو کو فاتح قرار دینے والے سرکاری نتائج نے گزشتہ ہفتے پُرتشدد احتجاج کو جنم دیا جس میں انسانی حقوق گروپوں کے مطابق کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے۔
اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو نے کہا ہے کہ ’اگر مادورو طاقت کے ذریعے برسرِ اقتدار رہنے کا انتخاب کرتے ہیں تو ہم صرف ایک ہی چیز دیکھیں گے جو ہجرت کی ایسی لہر ہے جو پہلے کبھی نہیں ہوئی۔‘
ماریا کورینا جن کو الیکشن میں حصہ کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا، نے میکسیکن نیوز آؤٹ لیٹس کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں کہا کہ بہت کم وقت میں 40 سے 50 لاکھ لوگ وینزویلا چھوڑ جائیں گے۔
اقوام متحدہ کے مطابق سنہ 2013 میں نکولس مادورو اقتدار میں آنے کے بعد سے 70 لاکھ سے زیادہ شہری وینزویلا سے فرار ہو کر دوسرے لاطینی امریکی ممالک اور امریکہ میں پناہ حاصل کر چکے ہیں۔

شیئر: