عرب شہری پر جرمانہ اور ایک سال کے لیے ایکس اکاؤنٹ بند
توہین سے خاندان کو شدید اخلاقی نقصان پہنچا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی اپیل کورٹ نے فوجداری عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ ایک عرب شہری کو سوشل میڈیا کے ذریعے دوسرے شخص کی توہین کے الزام میں پانچ ہزار درھم جرمانہ اور ایک سال کے لیے ’ایکس‘ اکاؤنٹ بند کرنے حکم دیا گیا تھا۔
الامارات الیوم کے مطابق عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایک عرب شہری نے اپنے ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے اس کی توہین کی ہے جس سے اسے اور اس کے خاندان کو شدید اخلاقی نقصان پہنچا ہے۔ اسے ایک لاکھ درہم کا معاوضہ دلوایا جائے۔
عدالت میں ایکس اکاؤنٹ پر عرب شہری کی توہین آمیز تمام پوسٹوں کے شواہد پیش کیے گئے۔
درخواست گزار نے اس کی رپورٹ پولیس سٹیشن میں درج کرائی اور دبئی پبلک پراسیکیوشن میں عرب شہری کے خلاف مقدمہ بھی کیا اور بعدازاں اسے فوجداری عدالت کے حوالے کیا گیا۔
اپیل کورٹ نے تمام شواہد اور بیانات کے بعد جرمانے اور ایکس اکاونٹ کی بندش کا حتمی فیصلہ جاری کیا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں