Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ارشد ندیم کی تصویر کے ساتھ یادگاری ڈاک ٹکٹ

ڈاک ٹکٹ پر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ساتھ مینار پاکستان کی تصویر بھی نمایاں ہے (فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر ’عزم استحکام‘ کے عنوان سے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اس ڈاک ٹکٹ پر پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کی تصویر لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’ڈاک ٹکٹ کو عزم استحکام کا عنوان دیا گیا ہے جو ملک کی ترقی اور استحکام کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘
ڈاک ٹکٹ پر مینار پاکستان کی تصویر کو شامل کر کے پاکستان کی آزادی کی جدوجہد اور اس کی علامتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔‘
ترجمان وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ’حکومت پاکستان کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر جاری کردہ ڈاک ٹکٹ آنے والی نسلوں کو پاکستان کی آزادی کی جدوجہد، قربانیوں اور حکومت پاکستان کی ملکی استحکام کے لیے جدوجہد اور عزم سے آگاہ کرے گا۔‘
پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر تک جیولین پھینک کر نہ صرف نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا بلکہ پاکستان کے لیے 40 برس بعد سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
یہ پاکستان کی جانب سے 1992 کے بعد اولمپکس میں پہلا تمغہ ہے جبکہ 40 برس بعد پہلا گولڈ میڈل ہے۔
یاد رہے کہ 32 سال قبل آٹھ اگست 1992 کو پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ 
پاکستان نے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد پاکستان 40 سال تک اولمپکس میں کوئی گولڈ میڈل نہیں جیت سکا تھا۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’وہ یہ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب ارشد ندیم کی اس کامیابی پر پاکستان بھر میں جشن منایا جا رہا ہے اور حکومتی اور دیگر شخصیات کی جانب سے ان کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

شیئر: