پیرس اولمپکس: کارنامہ سرانجام دینے والے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل وصول کر لیا
انڈیا کے نیرج چوپڑا نے سلور جبکہ گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن نے کانسی کا تمغہ وصول کیا (فوٹو: اے ایف پی)
اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے کا کارنامہ سرانجام دینے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کو پیرس میں میڈل پہنا دیا گیا۔
اس موقع پر جمعے کو پیرس میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی پرچم بلند کیا گیا جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ جیسے ہی ارشد ندیم کو سونے کا تمغہ پہنایا گیا تو سٹیڈیم میں موجود شائقین نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
پوڈیم پر ارشد ندیم کے دائیں جانب سلور میڈل جیتنے والے انڈیا کے نیرج چوپڑا جبکہ بائیں جانب برونز میڈل حاصل کرنے والے گرینیڈا کے پیٹرز اینڈرسن موجود تھے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے جیولن تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
یہ پاکستان کی جانب سے 1992 کے بعد اولمپکس میں پہلا تمغہ ہے جبکہ 40 برس بعد پہلا گولڈ میڈل ہے۔
یاد رہے کہ 32 سال قبل آٹھ اگست 1992 کو پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پاکستان نے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد پاکستان 40 سال تک اولمپکس میں کوئی گولڈ میڈل نہیں جیت سکا تھا۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’وہ یہ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب ارشد ندیم کی اس کامیابی پر پاکستان بھر میں جشن منایا جا رہا ہے اور حکومتی اور دیگر شخصیات کی جانب سے ان کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔