Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ارشد ندیم کا شکریہ‘، وزیراعلٰی پنجاب کا 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

ارشد ندیم کی اس ناقابل یقین کامیابی پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کو 40 برس بعد گولڈ میڈل دلانے والے ارشد ندیم کے لیے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلٰی ہاؤس سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر اُن کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعلٰی پنجاب نے میاں چنوں میں ارشد ندیم سپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔
خیال رہے کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ کو 50 ہزار ڈالر کا انعام دیا جاتا ہے۔

’ایوان ارشد ندیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے‘

دوسری جانب قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو اعلٰی ترین سول ایوارڈ دینے کی قراردار متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
قومی اسمبلی میں قرارداد پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر جیولین تھرو پھینک کر پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کردیا ہے، ایوان ارشد ندیم کی مسلسل محنت اور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ارشد ندیم کی بھرپور عزت افزائی کرے۔ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اُٹھائے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔

قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو اعلٰی ترین سول ایوارڈ دینے کی قراردار متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’ارشد ندیم نے محنت سے ناممکن کو ممکن بنا دیا‘

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم ارشد ندیم کی جیت پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے محنت سے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران بھی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، وہ ہمارا قومی ہیرو ہے، یہ ایوان ارشد کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔
ارشد ندیم کی اس ناقابل یقین کامیابی پر جہاں ملک بھر میں جشن کا سماں ہے وہیں پاکستان کے دوست ممالک بھی مبارک باد دے رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ ارشد ندیم اتوار کی رات ایک بجے پاکستان پہنچیں گے، جہاں لاہور ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر کھیل اور سپورٹس بورڈ کے عہدے داران کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔
اس کے بعد 11 اگست کے دن ڈبل ڈیکر بس پر ارشد ندیم کو شہر لاہور کا چکر لگوایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا، سپورٹس بورڈ کے عہدے داران اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود ہوں گیں۔

شیئر: