Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شکر کریں ڈوبے نہیں‘، پاکستانی سوئمرز تنقید کی زد میں

خواتین کے 200 میٹر فری سٹائل تیراکی کے مقابلے میں جہاں آرا 30 تیراکوں میں سے 26 ویں نمبر پر رہیں (فوٹو: Instagram/@jehanaranabi)
پیرس اولمپکس کے 200 میٹر فری سٹائل ہِیٹس میں پاکستان کے سوئمر احمد درانی سب سے آخری پوزیشن پر آنے کے بعد مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں۔
اتوار کو ہونے والے مردوں کے 200 میٹر فری سٹائل مقابلے میں احمد درانی اپنی ہِیٹ میں آخری نمبر پر رہے، ان کی ٹائمنگ ایک منٹ اور 58.67 سیکنڈ رہی۔
احمد درانی 200 میٹر فری سٹائل میں اپنی ذاتی بہترین ٹائمنگ کو بھی برقرار نہ رکھ سکے جو کہ ایک منٹ 55 سیکنڈ ہے۔
وہ 25 تیراکوں میں سے 25ویں نمبر پر آئے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے آخری تیراک سے 11 سیکنڈ پیچھے رہے۔
پاکستان کی جانب سے پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والی ایک اور سوئمر جہاں آرا نبی بھی مایوس کن کارکردگی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
خواتین کے 200 میٹر فری سٹائل تیراکی کے مقابلے میں جہاں آرا 30 تیراکوں میں سے 26 ویں نمبر پر رہیں اور ٹاپ 16 میں نہیں پہنچ سکیں۔ وہ اپنی ہیِٹ میں سات کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
جہاں پاکستان کے دونوں تیراکوں کا اولمپکس کا سفر اختتام پذیر ہوا وہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر عمران نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’سنا ہے یہ سوئمر آخری نمبر پر آیا ہے، شکر کریں ڈوب نہیں گیا، نہیں تو اولمپکس والوں کے لیے مصیبت کھڑی ہو جاتی۔‘

ایک اور صارف نے اپنی پوسٹ میں احمد درانی پر الزام عائد کیا کہ وہ کسی بااثر شخص کی سفارش پر گھومنے پھرنے گئے ہوں گے۔
ساجد اکرام نے لکھا کہ ’فرانس میں جاری اولمپکس مقابلوں میں پاکستانی سوئمر پچیسویں نمبر پر آیا ہے کیونکہ ٹوٹل پچیس سوئمرز ہی حصہ لے رہے تھے۔ ہمارے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمارا سوئمر فرانس میں سلِپ نہیں ہوا۔‘

جہاں صارفین پاکستانی سوئمرز کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں کافی ان کی حوصلہ افزائی کرتے بھی دکھائی دیے۔ 
یینگ گوئی نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان کے تیراک احمد درانی اپنی ہیِٹ میں چوتھے نمبر پر رہے لیکن بدقسمتی سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے۔ لیکن پھر بھی 18 سالہ نوجوان کی طرف سے ایک اچھی کوشش ہے اور امید ہے کہ وہ اپنے مستقبل میں بھی اسے برقرار رکھیں گے۔‘

فیصل سید نے لکھا ’اچھی کوشش ہے۔‘ 
پیرس اولمپکس 2024 میں 32 کھیلوں کے 329 مقابلوں میں مختلف ممالک سے ساڑھے 10 ہزار ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں، جن میں پاکستان سے 2 تیراک، 2 ایتھلیٹ اور 3 شوٹر شریک ہیں۔
اس سے قبل سنیچر کو شوٹنگ کے مقابلے میں پاکستانی شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت نے مایوس کن شروعات کی تھیں۔
10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں حصہ لینے والے جوزف فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوئے اور وہ 33 شوٹرز میں 22 ویں پوزیشن پر رہے۔ جوزف نے 600 میں سے 571 پوائنٹس حاصل کیے۔
دوسری جانب کشمالہ طلعت 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے فائنل راؤنڈ تک نہیں پہنچ سکیں۔ انہوں نے چھ سیریز میں مجموعی طور پر 567 پوائنٹس حاصل کیے۔

کشمالہ اور گلفام جوزف اب 29 جولائی کو مکسڈ ٹیم ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کی جانب جیولین تھرؤر ارشد ندیم جیولین تھرو اور فائقہ ریاض 100 میٹر ریس میں حصہ لیں گی۔

ارشد ندیم کا گروپ راؤنڈ مقابلہ 6 اگست کو، فائنل 8 اگست کو جبکہ فائقہ ریاض 3 اگست کو خواتین کی 100 میٹر ریس کے ابتدائی راؤنڈ میں شرکت کریں گی۔

شیئر: