پیداوار میں انجیر، کھجور، انگور، انار، کیلا، خربوزہ، تربوز، پپیتا، امرود، لیموں اور سیب شامل ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب میں خوراک کی پیداوار میں خود کفالت کی مہم کی بدولت اس وقت مارکیٹیں مقامی طور پر اگائے جانے والے موسمی پھلوں کی گیارہ منفرد اقسام سے بھری ہوئی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت نے حال ہی میں ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مقامی پیداوار میں انجیر، کھجور، انگور، انار، کیلا، خربوزہ، تربوز، پپیتا، امرود، لیموں اور سیب شامل ہیں۔
وزارت کی حالیہ ’فصلوں کی کٹائی‘ مہم کے دوران جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی پھلوں کی کثرت سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق کسانوں کی جانب سے خوراک کی حفاظت اور تازہ زرعی پیداوار بڑھانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزارت نے وژن 2030 کے تحت پھلوں اور سبزیوں کی مقامی پیداوار کو بڑھانے اور پائیدار زرعی ماحول کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارت کا مقصد مقامی کسانوں کے لیے تعاون کے منصوبوں اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے فروغ کے ذریعے شہریوں اور مقیمین کو اعلیٰ معیار کے پھل فراہم کرنا، صحت عامہ کو فروغ دینا اور صحت مند غذائی اشیا پوری کرنا ہے۔
وزارت کی ’فصلوں کی کٹائی‘ مہم میں ریاض کی مختلف منڈیوں میں مقامی زرعی پیداوار کی نمائش کی گئی۔
نمائش کے دوران مقامی پھلوں کے استعمال کے صحت مندانہ فوائد اور تازہ سبزیوں و پھلوں کو مزید قابل فروخت بنانے کے طریوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
وزارت میں زرعی معاونت کی خدمات کے انچارج اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری محمد ال عبداللطیف نے حال ہی میں ریاض کے شمال میں قائم پھلوں اور سبزیوں کی منڈی کا دورہ کیا اور مقامی کسانوں کی پیداوار کا جائزہ لیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں