Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریلیز کے پہلے دن کمائی کے ریکارڈ توڑنے والی بالی وڈ کی 5 فلمیں

فلم پٹھان نے ریلیز کے پہلے دن انڈیا میں 75 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز
بالی وڈ فلم ستری ٹو ایک مرتبہ پھر باکس آفس پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے جبکہ یہ ایسے وقت پر ریلیز ہوئی جب دیگر فلموں نے بھی ریلیز ہونا تھا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ستری ٹو کو یوم آزادی کے دن ریلیز کرنے سے بھی فائدہ ہوا ہے اور آئندہ ہفتے بھی اس کی باکس آفس پر پرفارمنس شاندار رہنے کا امکان ہے۔
باکس آفس پر بہترین کارکردگی دکھانے والی پانچ فلموں کی بات کی جائے تو ان میں سرفہرست جوان ہے۔
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم جوان نے ریلیز کے پہلے دن انڈیا میں 75 کروڑ روپے کی کمائی کی، ہندی میں 65 کروڑ جبکہ تیلوگو اور تامل میں 5، 5 کروڑ کا کاروبار کیا۔
اسی سال 2023 میں شاہ رخ خان نے فینز کو ایک اور بلاک بسٹر فلم پٹھان دی تھی۔
باکس آفس پر دوسری بڑی فلم شردھا راج کمار کی ستری ٹو ہے جس نے ریلیز کے پہلے دن انڈیا میں 60 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ 
پروڈیوسر دنیش ویجن کی یہ ہارر اور مزاح سے بھرپور فلم پہلی مرتبہ سال 2018 میں آئی تھی جس کا سیکوئل یوم آزادی کے موقع پر فلم بینوں کے لیے ریلیز کیا گیا۔
باکس آفس پر تیسرے نمبر پر راج کرنے والی فلم شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی  پٹھان ہے جو سال 2023 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے ریلیز کے پہلے دن ہی انڈیا میں 55 کروڑ کا کاروبار کیا تھا۔
سیاسی تنازع اور بائیکاٹ کے ٹرینڈ چلنے کے باوجود اس فلم نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔ 
شائقین نے نہ صرف شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی جوڑی کو بے حد پسند کیا بلکہ جان ابراہم کی بڑے پردھے پر واپسی کو بھی سراہا۔

ہارر کامیڈی فلم ستری ٹو ایک مرتبہ پھر باکس آفس پر کامیاب رہی۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز

رہیتک روشن اور ٹائیگر شروف کی فلم وار نے سال 2019 میں ریلیز کے پہلے دن 53.35 کروڑ کمائے تھے۔
سدھارت انند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم وار رہیتک روشن اور ٹائیگر شروف کے فلمی کیریئر کی بڑی کامیابی تھی۔
عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ٹھگز آف ہندوستان سال 2018 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے اوپننگ کے دن ہی صرف انڈیا میں 50.75 کروڑ کمائے۔ اس فلم کو نہ صرف ناقدین نے پسند کیا بلکہ باکس آفس پر بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔
ٹھگز آف ہندوستان عام خان اور امیتابھ بچن کی ایک ساتھ پہلی فلم تھی جس نے پہلے روز کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔

شیئر: