دبئی آنے والے سیاح ٹورسٹ پولیس سے مدد کیسے حاصل کریں؟
چوبیس گھنٹے آسان رسائی کےلیے پانچ طریقوں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
لاکھوں سیاح ہرسال متحدہ عرب امارات کا رخ کرتے ہیں اور یہاں کے پرکشش مقامات دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔
امارات کو ایک محفوظ ملک تصور کیا جاتا ہے لیکن ناخوشگوار واقعات کہیں بھی ہو سکتے ہیں تاہم اماراتی حکام ایسے واقعات پر فوری ردعمل دیتے ہیں اورسیفٹی کو یقینی بناتے ہیں۔
دبئی میں خاص طور پر سیاحوں کے لیے ایک سپیشل پولیس فورس ہے جسے ’دبئی ٹورسٹ پولیس‘ کہا جاتا ہے۔ ٹورسٹ پولیس کی خدمات اور مدد تک ہفتے میں تمام دن چوبیس گھنٹے آسان رسائی کےلیے پانچ طریقوں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دبئی پولیس سمارٹ ایپ کا جدید ورژن دنیا بھر کے سیاحوں کوآسانی سے انکوائری اور رپورٹ جمع کرانے کی اجازت دیتاہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی ٹورسٹ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹربریگیڈیئرجنرل خلفان عبید الجلاف نے بتایا اس کا مقصد دبئی کو یہاں رہنے، کام کرنے، دیکھنے اور سرمایہ کاری کے لیے دنیا کا بہترین شہر بنانا ہے۔
دبئی پولیس کی سمارٹ ایپلی کیشن پر ’ٹورسٹ پولیس‘ سروس آئی فون (آئی او ایس)، اینڈرائڈ اور ہواوے فون سسٹمز پر دستیاب ہے۔ اس کے ذریعے رپورٹ بھی کی جاسکتی ہے۔
دبئی پولیس کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اور رپورٹ کرائی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ سمارٹ پولیس سٹیشن ’ایس پی ایس‘ ہر جگہ ہیں جہاں چوبیس گھنٹے کسی انسانی مداخلت کے بغیر اپنی رپورٹ، تجاویز جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
ایمرجنسی کےلیے کال سینٹر ’901‘ کے علاوہ دبئی پولیس کا ای میل ایڈریس بھی دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے قابل رسائی ہے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں